کیمرون، نامعلوم افراد کی فائرنگ، 14بچوں سمیت 22افراد ہلاک
17 فروری 2020 (16:40) 2020-02-17

یاﺅنڈے:وسطی افریقہ کے ملک کیمرون کے شمال مغربی حصے میں گاﺅں پر حملے کے دوران کم از کم 22 افراد ہلاک ہوگئے۔

برطانوی خبررساں ادارے بی بی سی نے رپورٹ کیا کہ اقوام متحدہ نے بتایا کہ کیمرون کے گاﺅں نٹمبو میں مذکورہ واقعہ پیش آیا۔اس بارے میں مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ نٹمبو میں مرنے والے افراد میں نصف تعداد بچوں کی تھی جبکہ کچھ متاثرین کو زندہ جلادیا گیا۔تاہم اب تک واقعے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی لیکن ایک اپوزیشن جماعت نے اس کا ذمہ دار فوج کو ٹھہرایا۔

ادھر خطے میں 3سال سے علیحدگی پسندوں سے لڑنے والی کیمرون کی حکومت نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی۔دوسری جانب اقوام متحدہ کی ہیومینٹیرین کوآرڈینین ایجنسی اوچا کے ایک عہدیدار جیمس نونان نے بی بی سی کو بتایا کہ مارے گئے افراد میں ایک حاملہ خاتون بھی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ 14 بچے بھی مرنے والوں میں شامل ہیں، جن میں سے 9 کی عمریں 5 سال سے کم تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے سے مقامی آبادی 'خوفزدہ' ہے۔بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس گروپ نے بھی یہ حملہ کیا ہے اس سے دھمکی دی ہے کہ آگے مزید تشدد ہوگا، اس کے علاوہ جن لوگوں سے ہماری بات ہوئی وہ بہت صدمے میں ہیں اور وہ اس کو تسلیم نہیں کر رہے۔

علاوہ ازیں ایک بیان میں ملک کی اہم اپوزیشن جماعتوں نے حملے کے لیے 'آمرانہ حکومت' اور ملک کی سیکیورٹی فورسز کے سربراہ کو ذمہ دار قرار دیا۔اس کے ساتھ ساتھ علیحدگی تحریک کے اہم رہنما اگبور مبلا نے بھی ریاستی دفاعی فورسز کو ذمہ دار ٹھہرایا۔


ای پیپر