Rana Sanaullah in BiG Trouble
17 اپریل 2021 (15:37) 2021-04-17

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے رانا ثنا اللہ کیخلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج کروانے کا فیصلہ کر لیا ،وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ اپنے دماغ سے الطاف حسین بننے کا خیال نکال دیں ،ریاست پاکستان کسی بھی سیاسی جماعت کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت ہر گز نہیں دیگی ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سرکاری افسران کو دھمکیاں دینے پر رانا ثنا اللہ کیخلاف دہشتگردی کا مقدمہ در ج کروانے جا رہے ہیں ،اس وقت رانا ثنا اللہ ریاست کیخلاف آئین اور قانون کی دھجیاں اُڑا رہے ہیں ،کسی نے بھی سیاست کرنی ہے تو آئین قانون کے اندر رہ کر ے ، انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ نے چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر لاہور سمیت دیگر افسران کے ساتھ وہی زبان استعمال کی جو اس سے قبل الطاف حسین اور پھر ٹی ایل پی نے استعمال کی تھی تاہم وہ انہوں نے ان دونوں کے حال سے سبق نہیں سیکھا۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، کسی کو اجازت نہیں کہ وہ سرکاری افسران کو دھمکی دے چاہے وہ رانا ثنا اللہ ہو یا کوئی اور انہوں نے کہا کہ آئین کی حدود میں رہ کر سیاست کرنی چاہیے، رانا ثنا اللہ کو الطاف حسین بننے کا خیال دماغ سے نکالنا ہوگا۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شریف خاندان کی رہائش گاہ جاتی امرا کو گرانے کا کسی کا پروگرام نہیں انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کو رپورٹ آئی کہ کئی اراکین اسمبلی نے اپنے حلقوں میں زمینوں پر قبضے کر رکھے ہیں جس پر انہوں نے انکوائری کا حکم دیا تھا انہوں نے کہا کہ انکوائری میں پتہ چلا کہ سرکاری زمین ایک بے نامی بوڑھی عورت کے نام پر منتقل کی گئی اور پھر نواز شریف کی والدہ کے نام وہ زمین منتقل ہوگئی۔

واضح رہے اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم سلیکشن کے خلاف ہیں ، سلیکشن کا عمل جب تک جاری رہے گا ملک آگے نہیں بڑھے گا ، سلیکشن کا عمل ختم ہونا چاہیے ، رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملک میں آزاد اور شفاف انتخابات ضروری ہیں ، سلیکٹڈ ٹولے نے ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ۔ یہ حکومت بوکھلا چکی ہے ، ان کا احتساب اور کرپشن کا منترہ پٹ چکا ہے ،انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایڈہاک پر وزیر خزانہ لگا دیا ہے ۔ جس ملک کا 6 مہینے کے لیے وزیر خزانہ ہوگا اس ملک کا کیا حال ہوگا ؟

لیگی رہنما نے کہا کہ اپوزیشن کا رویہ ذمے دارانہ ہے ، ہمیں پیپلزپارٹی کا احترام ہے ۔ سعد رضوی کو بھی پیغام ہے کہ آپ نے جلاؤ گھیراؤ کا غلط راستہ اختیار کیا ، جلاؤ گھیراؤ کرکے صرف ایک شخص کا داؤ لگ گیا تھا ۔ اگر کوئی مذہبی جماعت سیاسی طور پر متحرک ہونا چاہتی ہے تو ویلکم ، میرے حلقے میں 13 مولوی امیدوار کھڑے کیے گئے ۔


ای پیپر