Action, Rana Sanaullah, Anti-Terrorism Act, Fawad Chaudhry, Federal Minister
17 اپریل 2021 (14:33) 2021-04-17

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ رانا ثناءاللہ کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ رانا ثناءاللہ نے گزشتہ روز چیف سیکرٹری پنجاب ، کمشنر اور دیگر افسران کو دھمکیاں دیں ، اس لیے اُن کے خلاف کارروائی کے لیے احکامات دیے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثناءاللہ نے وہی زبان استعمال کی جو ٹی ایل پی یا بانی ایم کیوایم کرتے رہے ہیں ۔ کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی کہ سرکاری افسران کو دھمکیاں دیں ۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ لوگ کبھی کبھی بانی ایم کیوایم بننے کی کوشش کرتے ہیں ، اگر سرکاری زمین پر قبضہ اور افسران کو دھمکیاں دی گئیں تو کارروائی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اب تحریک لبیک ختم ہوگئی ہے ، ٹی ایل پی پر پابندی حکومت کا فیصلہ ہے ۔

فواد چودھری نے کہا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا ، پاکستان کی ریاست ہر گز کمزور ریاست نہیں ، مجبوری میں سوشل میڈیا پر عارضی طور پر پابندی لگائی گئی ، انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں نے اس فتنے کو ناکام بنایا ، حکومت نے احسن طریقے سے فتنے پر قابو پالیا ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ چینی ، آٹے کا ریٹ کم ہوا ہے ، کل یوٹیلٹی اسٹورز نے ایک ارب روپے کی تاریخی سیل کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری زمین بوڑھی عورت کے نام پر ٹرانسفر کی گئی پھر وہ زمین نواز شریف کی والدہ کے نام ٹرانسفر ہوئی ، سرکاری زمین غلط طور پر ٹرانسفر کی گئی ۔


ای پیپر