تصویر ٹوئٹر

سعودی عرب میں نمبر پلیٹ چھپانے پر 6 ہزار ریال تک جرمانہ، گاڑی بند ہوگی
17 اپریل 2019 (12:49) 2019-04-17

ریاض: سعودی عرب میں کار نمبر پلیٹ کو چھپانے یا جزوی طور پر مٹانے پر 3 سے 6 ہزار ریال تک جرمانہ اور گاڑی کو پولیس تحویل میں لے لیا جائے گا۔

محکمہ ٹریفک کی جانب سے ملک میں نئے ٹریفک قوانین کے حوالے سے بتایا گیا کہ قانون کی شق نمبر 6 کے مطابق ایسی گاڑیاں جن کی نمبر پلیٹوں کو کسی بھی طرح چھپایا گیا ہو یا جزوی طور پر انہیں مٹایا گیا ہو وہ قانون شکنی کے زمرے میں آتا ہے جس پر چالان کی حد 3 سے 6 ہزار ریال ہے۔

نقد جرمانے کے علاوہ گاڑی کو بھی مخصوص مدت تک جو پولیس انسپکٹر کی صوابدید پر منحصر ہے پولیس ریکارڈ میں جمع کروادیا جائے گا۔ ٹریفک پولیس ذرائع نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ملک میں ٹریفک قوانین واضح ہیں۔

گاڑیوں کی نمبر پلیٹ انتہائی اہم ہوتی ہے جسے کسی بھی طور چھپانا جرم ہو گا۔ ایسا کرنے والوں کے خلاف پولیس اہلکار فوری فیصلہ کرنے کا مجاز ہے۔

واضح رہے ہائی وے پر بکثرت سفر کرنے والے ڈرائیور ڈیجیٹل چالان سسٹم سے بچنے کیلئے گاڑی کی نمبر پلیٹ پر ٹیپ لگا کر انہیں چھپا دیتے ہیں جس سے شاہراہوں پر نصب کیمرے انکی تیز رفتاری پر چالان نہیں کر سکتے۔


ای پیپر