عمران خان بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کریں گے : پرویز خٹک
16 ستمبر 2019 (17:33) 2019-09-16

نوشہرہ: وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کی ستر سالہ تاریخ میں پہلی بار مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے مقدمے کو بین الاقوامی فورم تک پہنچا دیا ہے، عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کریں گے، پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے پاکستان کی امن کی خواہش کو غلط نہ سمجھا جائے، بہت جلد اچھے دن آرہے ہیں، عوام مہنگائی بے روزگاری اقتصادی مسائل سے نکلیں گے۔

اپنے ایک بیان میں پروزیر خٹک نے کہا ہے کہ عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کریں گے، کشمیر اب ہندوستان کا اندرونی مسئلہ نہیں رہا، بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے اور 80 لاکھ مسلمانوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنانے کا مسئلہ جس انداز سے پی ٹی آئی حکومت نے اٹھایا اس کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ ہیں، وزیر اعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کریں گے اور دنیا پر بھارت کی حق دھرمی اور برصغیر میں بھارتی حکمرانوں کی طر ف سے جنگ مسلط کرنے کی خواہش کو اجاگر کریں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم مودی جان لیں کے پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے پاکستان کی امن کی خواہش کو غلط نہ سمجھا جائے، ایک دفعہ روایتی جنگ شروع ہوگئی تویہ جنگ ایٹمی جنگ تک پھیلے گا۔پرویزخٹک نے کہا کہ وزیر اعظم کی بہتر حکمت عملی کی وجہ سے پاکستان معاشی بحرانوں سے نکل رہا ہے بہت جلد اچھے دن آرہے ہیں، عوام مہنگائی بے روزگاری اقتصادی مسائل سے نکلیں گے۔


ای پیپر