مریم نواز کا پارٹی عہدہ: فیصلہ کل ہو گا
16 ستمبر 2019 (13:52) 2019-09-16

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے مریم نواز کو پارٹی عہدے سے نااہلی سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا جو کل  11بجے سنایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں مریم نواز کی پارٹی عہدے سے نااہلی کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ سماعت چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی صدارت میں تین رکنی بینج نے کی۔پی ٹی آئی کے وکیل حسن مان نے اپنے دلائل میں مقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ واضح طور پر کہہ چکی ہے کہ نااہل اور سزا یافتہ شخص پارٹی صدارت نہیں رکھ سکتا۔

ممبر خیبر پختونخوا ارشاد قیصر نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ الیکشن ایکٹ کے نافذ ہونے سے پہلے کا ہے، الیکشن ایکٹ میں نااہل اور سزا یافتہ شخص پر پارٹی صدارت یا عہدہ رکھنے کی ممانعت نہیں ہے۔وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن ایکٹ کی شق 203 کو آرٹیکل 62، 63 اور 63 اے کے ساتھ پڑھنے کا کہا ہے، الیکشن ایکٹ کی شق 203 پارٹی عہدے سے متعلق ہے۔حسن مان نے کہا کہ پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے صدر رائے حسن نواز کو ان ہی بنیادوں پر نااہل کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز سزا یافتہ ہیں اور پارٹی عہدہ رکھنے کے لیے اہل نہیں۔

مسلم لیگ ن کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کیس میں درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہیں اور الیکشن کمیشن ن لیگ انٹرا پارٹی الیکشن کیس میں درخواست گزار کا متاثر فریق نہ ہونے پر کیس خارج کرچکا ہے۔چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے مسلم لیگ ن کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا مریم نواز کے نائب صدارت کے عہدہ کا الیکشن ہوا؟ن لیگ کے وکیل نے جواب دیا کہ مریم نواز کو تعینات کیا گیا، ان کے عہدے کا الیکشن نہیں ہوا، ن لیگ کے آئین کے مطابق نائب صدر کے پاس کوئی اختیار نہیں، یہ صرف علامتی عہدہ ہے اور مریم نواز کے پاس بھی اختیارات نہیں ہیں۔


ای پیپر