قربانی کافی دیدی ،اب آپکو ہمارے خون کیساتھ انصاف کرنا ہوگا :بلاول بھٹو 
16 اکتوبر 2020 (16:25) 2020-10-16

لالہ موسیٰ: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے گوجرانوالہ پہنچنے سے قبل لالہ موسیٰ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قربانی کافی دے دی اب آپ کو ہمارے خون کے ساتھ انصاف کرنا ہوگا ،ہمارے کارکنان آمرانہ دور کوپھر سے نہیں دیکھنا چاہتے ،حکومت کی بوکھلاہٹ سب سے سامنے ہے ،پیپلزپارٹی کارکنان اور عہدے داران کو ہراساں کیا جا رہا ہے ہر حال میں گوجرانوالہ جلسہ گاہ ضرور پہنچیں گے ۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پنجاب کے دل گوجرانوالہ سے پی ڈی ایم کی تحریک کا آغاز ہو رہا ہے، پیپلز پارٹی کے قافلے کی قیادت میں خود کر رہا ہوں، آج عوام بتائیں گے کہ حکومت کے جانے کا وقت آ گیا، کیوں کہ آپ بھوک پر ایف آئی آر نہیں کاٹ سکتے، اور بے روزگاری کو قید نہیں کر سکتے، اسی لیے آج پاکستان کے عوام کا سمندر آپ کو جواب دے گا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا حکومت کی بوکھلاہٹ سب کے سامنے ہے، پیپلز پارٹی کے کارکنان اور عہدے داران کو ہراساں کیاجا رہا ہے، گوجرانوالہ کے پارٹی صدر کے گھر پر چھاپا مارا گیا ہے۔حکومت کو عوام کے جمہوری حق کو ماننا پڑے گا، غیر جمہوری کوششیں آج بھی جاری ہیں، ایک جلسہ برداشت نہیں ہوتا، گلگت بلتستان میں انتخابات سے پہلے پری پول ریگنگ شروع ہو چکی ہے، دھاندلی ہوئی تو یہ سب سے زیادہ نیشنل سیکورٹی تھریٹ ہے،جو ٹریلر 2018 میں دیکھا وہی گلگت بلتستان میں دیکھنے کو مل رہاہے، میں خود وہاں جا کر انتخابی مہم کی قیادت کروں گا۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا قربانی کافی دے دی اب آپ کو ہمارے خون کے ساتھ انصاف کرنا ہوگا، ہمارے کارکنان آمرانہ دور کو پھر سے نہیں دیکھنا چاہتے، آج قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس بلانا مذاق بن چکا ہے، پارلیمنٹ سے زبردستی دھاندلی کر کے قانون منظور کرائے گئے،انھوں نے کہا ہم پارلیمان کو گھر بھیجنے کا سوچ نہیں سکتے، ہم چاہتے ہیں پارلیمان میں جمہوری طریقہ اپنایا جائے، اب عوام کو فیصلہ کرنا پڑے گا کہ ان کےمسائل کون حل کر سکتا ہے، ہم جمہوریت کو نقصان نہیں پہنچانے دیں گے، ٹوٹی پھوٹی جمہوریت بھی آمریت سے بہتر ہے۔ ہم عوامی بیانیہ لے کر نکلے ہیں، ساتھ ساتھ ہر جماعت کا اپنا منشور بھی ہے، آج ہم ساتھ ہیں، کل ایک دوسرے کے خلاف الیکشن بھی لڑیں گے یہی جمہوریت ہے۔


ای پیپر