بھارتی گلوکار کمار سانو بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے
16 اکتوبر 2020 (12:43) 2020-10-16

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور گلوکار کمار سانو کا عالمی وبا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کی اطلاع اْنہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 90 کی دہائی میں بالی ووڈ فلموں کو مقبول ترین گیت دینے والے نامور بھارتی گلوکار کمار سانو کی ٹیم نے گلوکار کے چاہنے والوں کو اْن کی صحت سے متعلق ایک اہم خبر دیتے ہوئے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بْک پر پیغام جاری کیا۔

فیس بْک پر جاری کردہ پیغام میں کمار سانو کی ٹیم نے بتایا کہ ’ کمار سانو نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا تھا جس کے نتائج مثبت آئے ہیں۔اپنے پیغام میں کمار سانو کی ٹیم نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ گلوکار کی جلد صحتیابی کے لیے دْعا کریں۔

Unfortunately Sanuda has tested Corona positive, please pray for his good health. Thank you???? Team KS

Posted by Singer Kumar Sanu on Thursday, October 15, 2020

دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گلوکار کمار سانو رواں ماہ 14 اکتوبر کو اپنے اہلخانہ کے پاس لاس اینجلس روانہ ہونے والے تھے لیکن کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے پر اْن کا دورہ منسوخ کرکے اْنہیں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

گلوکار کمار سانو کی اہلیہ نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ’اگر 15 دن بعد کمار سانو کے کورونا وائرس ٹیسٹ کے نتائج منفی آگئے تو وہ 8 نومبر کو لاس اینجلس روانہ ہوجائیں گے۔‘

اس سے قبل کمار سانو نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’وہ 20 اکتوبر کو اپنی سالگرہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ منائیں گے۔

خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے باعث اب تک ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہوچکی ہےجبکہ متعدد شوبز انڈسٹری کی شخصیات بھی کورونا کا شکار ہوچکی ہیں جن میں ایشوریا رائے ،ہمانشی کھرانہ و دیگر شامل ہیں۔


ای پیپر