شاہد آفریدی کا سلمان بٹ کیخلاف سخت بیان
16 May 2019 (21:55) 2019-05-16

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی ایک بار پھر اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے معاملے پر بول پڑے ۔برطانوی اخبار کو سلمان بٹ کے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کی معلومات انہوں نے نہیں بلکہ ان کے دوست نے دی تھی۔

تفصیلات کے مطابق شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ فکسنگ میں ملوث کھلاڑی آج تک شک کرتے ہیں کہ انہیں میں نے پھنسایا ہے۔اچھا ہوا یہ کھلاڑی پکڑے گئے ورنہ پاکستان کرکٹ کا بہت برا حال ہوتا۔واضح رہے کہ شاہد آفریدی کی کتاب گیم چینجر گزشتہ دنوں سامنے آئی ہے جس میں کئی بڑے انکشافات کیے گئے ہیں اور اس کتاب پر سینئر کھلاڑیوں کی تنقید کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

سنہ 2010میں انگلینڈ کے دورے میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سامنے آیا تھا جس میں ملوث تین کرکٹرز سلمان بٹ ، محمد آصف اور محمد عامر کو نہ صرف آئی سی سی نے سزا دی تھی بلکہ یہ تینوں کرکٹرز اس جرم میں جیل بھی گئے تھے۔اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ اوپنر سلمان بٹ کہتے ہیں کہ اپنی غلطی پر نادم ہوں، میری خواہش ہے کہ کیریئر کے آخری سالوں میں پاکستانی ٹیم میں موقع ملے اور کارکردگی دکھاکر اپنے بارے میں منفی تاثر کو ختم کروں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کا بہت پہلے علم ہوگیا تھا میں جانتا تھا کہ کچھ کھلاڑی منفی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ سٹے بازمظہر مجید نے فون مرمت کے لیے لندن میں ایک دکان پر دیا تھا، دکان کا مالک میرے دوست کا دوست تھا۔ مظہر مجید کے فون سے پاکستانی کھلاڑیوں کو کیے گئے پیغامات ملے جس سے ہولناک انکشافات ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیم انتظامیہ کوثبوت دکھائے مگر کوئی ایکشن نہ ہوا۔


ای پیپر