کرونا وائرس :وزیر اعظم سے مولانا طارق جمیل کی ملاقات میں سلام کا نیا انداز وائرل
16 مارچ 2020 (16:17) 2020-03-16

اسلام آباد :مولانا طارق جمیل نے وزیر اعظم عمران خان سے اہم ملاقات کے دوران سلام کا نیا انداز اپناتے ہوئے ترک روایت کے مطابق سلام کیا اور خوش آمدید کہا ۔

تفصیلات کے مطابق مولانا طارق جمیل کی عمران خان سے اہم ملاقات ہو ئی جس میں کرونا وائرس کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مذہبی اجتماعات کو محدود کرنے پر بات ہوئی ،عمران خان نے مولانا طارق جمیل سے ا س معاملہ پر بات چیت کی کہ وہ مذہبی اجتماعات محدود کرنے کیلئے کردار ادا کریں ۔

اس ملاقات میں مولانا طارق جمیل جب عمران خان وزیر اعظم ہائوس پہنچے تو دونوں نے ایک دوسرے سے مصافحہ نہیں کیا بلکہ ترک روایت کے مطابق دل پر ہاتھ رکھ کر دونوں نے ایک دوسرے کو سلام پیش کیا ،دونوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ایک دوسرے سے مناسب فاصلہ بھی رکھا ۔

وزیراعظم عمران خان کی مولانا طارق جمیل کو خوش آمدیدکہتے ہوئے تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی ہیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان مناسب فاصلہ ہے اور دونوں ایک دوسرے کو دیکھ کر مسرت کا اظہار کر رہے ہیں جبکہ وزیراعظم عمران خان نے دل پر ہاتھ رکھ کر ان کا استقبال کیا ۔عمومی طور پر دل پر ہاتھ رکھ کر یا سینے اپنے سینے پر تھپکی دے کر سلام کرنے کی روایت ترکوں کی ہے جو کہ صدیوں سے چلی آرہی ہے اور یہ نہایت خوبصورت بھی ہے ۔


ای پیپر