ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں میدان بھرنے کیلئے پی سی بی کا نیا پلا ن تیار
16 مارچ 2018 (16:45)

کراچی:پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کےلئے ٹکٹوں کی قیمت میں نمایاں کمی کردی گئی ہے۔ نیشنل سٹیڈیم ،کراچی میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز یکم، دو اور تین مارچ کو کھیلے جائیں گے جس کے لئے ٹکٹوں کی فروخت 19 مارچ سے شروع ہوجائےگی۔

ملک میں کرکٹ دیکھنے کیلئے ترسے ہوئے شائقین کرکٹ کےلئے خوشخبری یہ ہے کہ پی سی بی نے ٹکٹوں کی قیمت میں نمایاں کمی کردی ہے جو اس سے قبل پی ایس ایل میچز کےلئے کافی زیادہ رکھی گئی تھی۔شائقین کو اب جنرل انکلوژر کا ٹکٹ ایک ہزار روپے کے بجائے 500 روپے میں دستیاب ہوگا جبکہ سب سے مہنگا 12 ہزار روپے والا ٹکٹ 6 ہزار روپے میں ملے گا۔اسی طرح 4 ہزار روپے میں فروخت ہونے والا ٹکٹ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں 2 ہزار روپے اور 8 ہزار والا صرف 4 ہزار روپے میں دستیاب ہوگا۔تینوں میچز کے ٹکٹس کورئیر کمپنی کی مختلف شاخوں پر دستیاب ہوں گے جب کہ آن لائن بھی ٹکٹ خریدے جاسکیں گے۔


ای پیپر