دورہ انگلینڈ کی ، وزیراعظم نےقومی کرکٹ ٹیم کو گرین سگنل دیدیا
16 جون 2020 (16:51) 2020-06-16

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورئہ انگلینڈ کی راہ ہموار ہوگئی جب کہ وزیراعظم نے گرین سگنل دیدیا۔وزیر اعظم اور چیف پیٹرن عمران خان سے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی گذشتہ روز اسلام آباد میں ملاقات ہوئی.

انھوں نے قومی ٹیم کے دورئہ انگلینڈ کی اجازت دے دی، اس موقع پر وزیر اعظم نے کہاکہ کرکٹ پاکستانیوں کے خون میں شامل ہے، کورونا کے باعث کھیلوں کی تمام سرگرمیاں معطل ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ میدان جلد آباد ہوں،امید ہے کہ اسپورٹس سے محبت کرنے والے شائقین اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو جلد ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔چیئرمین پی سی بی نے بورڈ میں بڑے پیمانے پر ہونے والی تبدیلیوں پر وزیر اعظم کو اعتماد میں لیا، انھوں نے انٹرنیشنل و ڈومیسٹک کرکٹ اور مالی معاملات سمیت مختلف امور پر بریفنگ بھی دی۔وزیر اعظم نے بورڈ کے معاملات شفاف طریقے سے چلانے کی ہدایت دی.

ذرائع کے مطابق انھوں نے کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والے مشکل حالات میں کسی کو بھی ملازمت سے فارغ نہ کرنے کا بھی کہا۔دوسری جانب پی سی بی اور ای سی بی حکام کا ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے، قومی ٹیم کے دورئہ انگلینڈ کے حوالے سے دونوں بورڈز میں مثبت گفتگو ہوئی.

ذرائع کے مطابق پاکستان نے مجوزہ شیڈول سے قبل انگلینڈ روانگی سے متعلق اپنی گزارشات انگلینڈکو پیش کردی ہیں، رواں ہفتے کے آخر میں انتظامات پر مکمل جواب کی امید ہے،اس وقت حتمی شیڈول بھی سامنے آ سکتا ہے۔


ای پیپر