عوام دوست بجٹ2020ء
16 جون 2020 (15:12) 2020-06-16

وفاقی حکومت نے 12جون کو اپنا دوسرا سالانہ’’ عوام دوست ‘‘ بجٹ پیش کر دیا جس کا حجم 60,295ارب روپے رکھا گیا ہے اور حسبِ معمول ایوان میں اپوزیشن جماعتوں نے بینرز اٹھا کر احتجاج ریکارڈ کروایا کہ یہ بجٹ عوام دوست ہونے کی بجائے عوام دشمن ہے۔سوشل میڈیا سمیت دیگر ابلاغ کے ذرائع پر جن موضوعات کو سب سے زیادہ تنقیدکا نشانہ بنایا جا رہا ہے وہ تعلیم اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کا معاملہ ہے ۔ہر کوئی یہ کہہ رہا ہے کہ عمران خان تعلیمی میدان میں بڑی تبدیلیاں لانے کے دعوے کیا کرتا تھا مگر بجٹ میں تعلیم کے حوالے سے کوئی قابل قدر اقدامات نظر نہیں آ رہے اور مزید یہ کہ تعلیم کا بجٹ بھی گزشتہ سے کم رکھا گیا۔یہ باتیں وہ ’’دانشور‘‘کر رہے ہیں جنہوں نے آج تک خود نہ تو بجٹ پڑھنے کی کبھی زحمت گوارا کی اور جنہیں نہ ملکی تاریخ کا کوئی اندازہ ہے،ان کا مقصد صرف حکومت کو تنقیدکا نشانہ بنانا ہے لہٰذا وہ اس ’’عظیم مقصد‘‘میں اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتے۔میں یہاں سب سے پہلے یہ بات واضح کرتا چلوں کہ یہ بجٹ وفاق کی طرف سے پیش کیا گیا ہے اور صوبائی بجٹ ابھی باقی ہے اور دوسری بات سے اہم کہ تعلیم اور صحت کے بجٹ پہ لمبی لمبی تقاریر کرنے والے یہ کیوں بھول رہے ہیں کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد تعلیم اور صحت صوبائی معاملہ بن چکا ہے لہٰذا ان تعلیم و صحت کا تفصیلی بجٹ صوبائی حکومتیں پیش کریں گی۔اگر مزید وضاحت کروں تو ہم ایک نظر گزشتہ صوبائی بجٹ پہ ڈالتے ہیں ۔2018-19بجٹ میں پنجاب نے تعلیم کے لیے بجٹ 693 ارب،سندھ نے 208 ارب،بلوچستان نے 352ارب،خیبر پختونخواہ نے 648 ارب روپے مختص کیا تھا جبکہ اسی سال وفاق حکومت نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا 57 ارب بجٹ رکھا تھا جو حالیہ بجٹ 2020ء میں بڑھا کر 64 ارب کر دیا گیا ہے۔یو ں گزشتہ برس تعلیم کا بجٹ تقریباً گیارہ سو ارب بنتا ہے جو صوبوں اور وفاق نے ملا کر دیا تھا اور اسی برس دفاعی بجٹ گیارہ سو ارب رکھا گیا تھا اور اندازہ کر لیں کہ گزشتہ برس بھی ہمارا تعلیمی بجٹ ،دفاعی بجٹ سے زیادہ تھا۔ اس سال بھی جیسا کہ پہلے عرض کیا کہ وفاق نے ہائیر ایجوکیشن کے لیے 64 ارب کا بجٹ مختص کیا ہے جو گزشتہ سے زیادہ ہے اور 30 ارب تعلیم کے لیے وفاق نے مختص کیا ہے ۔اسی طرح اگر ہم 2019-20کی صوبائی بجٹ کو دیکھیں تو پنجاب نے تعلیم کے لیے گزشتہ برس 382ارب جو ٹوٹل بجٹ کا 16فیصد تھا پیش کیا اور اسی طرح باقی صوبائی حکومتوں نے بھی تعلیم کے لیے خاصی رقم مختص کی تھی۔ لہٰذاجہاں تک تعلیم یا صحت کے بجٹ کا سوال ہے تو صوبائی حکومتیں اپنے بجٹ میں پیش کریں گی۔اس بجٹ کی سب سے بنیادی اور اہم بات یہی ہے کہ یہ مکمل ٹیکس فری بجٹ ہے یعنی نیا کسی بھی طرح کا کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا اگرچہ انڈسٹری ہولڈرز اس بات کا خدشہ ظاہر کر ہے تھے کہ حکومت نئے ٹیکسز ضرورلگائے گی۔جہاں تک ریلیف کا سوال ہے تو یقینا حکومت نے عوام کو جو پہلے ریلیف دیا وہ برقرار ہے اور نئے کسی بھی طرح کے ٹیکس نہ لگا کر عوامی خدشات کا خاتمہ کیا گیاہے۔مجموعی طور پر اس سال بجٹ2020ء میں وفاق نے صحت کے لیے 75،تعلیم کے لیے 83اوراحساس پروگرام کے لیے208ارب روپے مختص کیے ہیں جبکہ دفاعی بجٹ میں پہلے کی نسبت اصافہ دیکھا گیا ہے۔ٹیکس ہدف 4963ارب رکھا گیاجس پہ کئی خدشات موجود ہیں کہ اگر یہ بجٹ ٹیکس فری ہے تو ٹیکس ہدف کو کیسے پورا کیا جائے گا اور یہی وجہ ہے سیاسی دانشوروں کا خیال ہے کہ یہ ڈیڈ بجٹ ہے کیوں کہ جب ہدف ہی پورا نہیں ہو سکتا تو بجٹ آگے کیسے بڑھ سکتا ہے۔ ٹیکس کا ہدف رواں برس 27فیصد زیادہ رکھا گیا اگرچہ گزشتہ برس ٹیکس فری بجٹ نہیں تھا تب بھی یہی اندازہ لگایا جا رہا تھا کہ ٹیکس کا ہدف پورا نہیں ہو سکے گا۔ کرونا سے پہلے ہی حکومت کو یہ احساس ہو گیا تھا کہ نہ ہی ترقی کی شرح کا ٹارگٹ پورا ہوگا اور نہ ہی ٹیکس ہدف مکمل ہو پائے گا لہٰذا حکومت نے سارا معاملہ کرونا پر تھوپ گیا۔یہاں مجھے بھی شدید اختلاف ہے کہ حکومت نے ٹیکس نہ بڑھا کر ٹیکس ہدف کیسے پورا کرنا ہے اور ترقی کی شرح جو گزشتہ برس بھی پوری نہ ہو سکی،کیا دوبارہ بھی ایسا ہی ہوگا۔اس دفعہ بھی جو ترقی کی شرح 2.1فیصد رکھی گئی ہے،کیا یہ حقیقت پسندانہ ہے یا محض خام خیالی۔این ایف سی (NFC)ایوارڈ کے تحت دو ہزار 874ارب روپے صوبوں کو منتقل ہوئے ہیں جن سے امید ہے کہ صوبائی بجٹ پہلے کی نسبت بہتر ہوگا اور یقینا تعلیم و صحت کے معاملے میں حکومت سنجیدگی سے سوچے گی۔جہاں تک سوال غریب عوام کو ریلیف دینے کا ہے تو حکومت نے دودھ، دہی، کریم، پنیر، مکھن، دیسی گھی، دلیہ، دالیں، چاول ، انڈے سمیت کئی ضروریاتِ زندگی کو سستابھی کر دیا ہے ۔پھل، خشک میوہ جات، مچھلی، مٹھائی، مصالحہ جات ، سبزیاں ، چینی اور دیگر کئی اہم چیزوں کو بھی ٹیکس فری کر دیا ہے جس کا مطلب یہی ہے کہ وہ مہنگی نہیں ہوں گی۔ایک لاکھ(پہلے پچاس ہزار تھا) سے زائد شاپنگ پرشناختی کارڈ دینا لازمی ہوگا جو یقینا کسی غریب کے لیے تکلیف دہ بات نہیں ہونی چاہیے۔کچھ مشروبات پر ٹیکس لگائے گئے یا پھر امپورٹڈ سگریٹوں کو مہنگا کیا گیا ہے جو یقینا امپورٹد سگریٹ پینے والے کے لیے بری خبر ہوگی۔ایک اہم معاملہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں نہ بڑھانے کا ہے جس پر میرے خیال سے سرکاری ملازمین کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ لاک ڈون میں بھی انہیں مکمل تنخواہیں ملتی رہیں اور اگر اس دفعہ حکومت نے تنخواہیں نہیں بڑھائیں تو شور شرانا نہیں کرنا چاہیے۔میرا خیال ہے کہ سرکاری ملازمین اس بات پر تو شکر ادا کر سکتے ہیں کہ گزشتہ کئی ماہ سے جہاں کئی لاکھ لوگ بے روزگار ہو گئی،ملکی معیشت کا بیرا غرق ہو گیا مگر ملازمین کو تنخواہیں بروقت اور مکمل ادا ہو رہی ہیں۔ایسے میں اگر تاریخ میں پہلی دفعہ انہیں گورنمنٹ کی مدد کرنے کا موقع ملا ہے تو صبر شکر ادا کرنا چاہیے۔حالیہ بجٹ پر یقینا خدشات ہوں گے اور ہونے بھی چاہیے مگر اس کا قطعاً مطلب یہ نہیں کہ سوشل میڈیا یا دگر تشہیری ذرائع پر بجٹ کو صرف اس لیے تنقید کا نشانہ بنایا جا ئے کہ تحریک انصاف کی حکومت ہے۔


ای پیپر