جواب عرض ہے!
16 جون 2018 2018-06-16

٭دشمنوں کی خواہش ہے میں جیل جاﺅں۔ (سابق وزیر اعظم نوازشریف)
oاور دوستوں کی بھی یہی ہے !
٭نون لیگ اور پی ٹی آئی اخلاقیات کا جنازہ نکال رہے ہیں ۔ (بلاول بھٹوزرداری )
oاور ہم اس جنازے کو کندھا دینے والوں میں شامل ہیں !
٭بار بار چہرے بدلنے سے عوام کے ہاتھ میں کچھ نہیں آتا۔ (سراج الحق امیر جماعت اسلامی)
oآپ عوام کے ہاتھ میں کیا دینا چاہتے ہیں؟
٭انتخابات میں دھاندلی ہوتی رہی ہے ۔ (مخدوم جاوید ہاشمی)
oجس کا واضح ثبوت یہ ہے میں جیتتا رہا ہوں !
٭الیکشن شفاف نہ ہوئے تو ملک کا مستقبل مخدوش ہو جائے گا۔ (سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی)
oاور اگرشفاف ہوئے تو ہمارا مستقبل مخدوش ہو جائے گا !
٭چوروں اور لٹیروں کی اسمبلی بنائی جارہی ہے ۔ (مولانا طاہر القادری)
oلہٰذا قوی امکان ہے میں بھی رکن اسمبلی ہوں گا !
٭پرویز مشرف چارحلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔ (ایک خبر)
oحالانکہ ہارنے کے لیے ایک حلقہ ہی کافی ہوتا ہے ۔
٭سپریم کورٹ مرضی کے فیصلے کررہی ہے ۔ (سابق وزیراعظم نواز شریف )
oکسی زمانے میں ہماری مرضی کے کرتی تھی !
٭پی ٹی آئی لوٹوں کو نواز رہی ہے ۔ (حمزہ شہباز شریف )
oاور مجھے سمجھ نہیں آرہی ہمارا کام وہ کیوں کررہی ہے ؟
٭چیف جسٹس نے عائشہ احد اور حمزہ شہباز کی صلح کروادی ۔ (ایک خبر)
oاب باقی کام حمزہ شہباز کو خود کرنا پڑیں گے !
٭میں کسی کے ایجنڈے پر کام نہیں کررہی۔ (ریحام خان)
oکیونکہ میرا اپنا ایجنڈہ ہی کسی کا ایجنڈہ ہے !
٭نون لیگ کی رائے سنتا ہوں اور سنوں گا۔ (نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری)
oحالانکہ اس عمر میں سنا مجھ سے کم ہی جاتا ہے !
٭ملک کی آئندہ وزیراعظم مریم نواز ہوں گی۔ (کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر)
oجس کے بعد میں مزید فارغ ہو جاﺅں گا!
٭کشمیریوں کو اپنے جسم کا حصہ سمجھتا ہوں۔ (سابق وزیراعظم نواز شریف )
oمگر یہ نہیں بتا سکتا کہ جسم کا کون سا حصہ سمجھتا ہوں!
٭تمام کام آئین کے مطابق کروں گا۔ (نگران وزیراعظم ناصرالملک )
oحالانکہ مجھے کرنے نہیں آتے!
٭شہباز شریف صوبائی خزانے کی صفائی کر گئے۔ (سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی)
oاور اس مقصد کے لیے انہوں نے ہمارا ہی ”جھاڑو“ استعمال کیا !
٭امیدواروں کو اپنی پارٹی کا ٹکٹ سوچ سمجھ کر دوں گا۔ (سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید)
oاور امید ہے امیدوار بھی میری پارٹی کا ٹکٹ سوچ سمجھ کر ہی لیں گے !
٭ذاتی اور سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتا۔ (جاوید اقبال چیئرمین نیب)
oلیکن اس مقصد کے لیے کوئی مجھے استعمال کرنا چاہے تو کرسکتا ہے !
٭شہباز شریف سے پیسے لینے کا الزام غلط ہے ۔ (ریحام خان)
oکیونکہ شہباز شریف اکثر پیسے نہیں دیتے!
٭نواز شریف کو ہمیشہ فوج نے وزیراعظم بنوایا۔ (عمران خان)
oلہٰذا فوج کو چاہیے ایک موقع مجھے بھی دے!
٭تہمینہ درانی سے بھی کتاب لکھوائی گئی تھی۔ (سابق گورنر غلام مصطفی کھر)
oکیونکہ اس دور کا عمران خان میں تھا!
٭ملکی قیادت کے لیے عمران خان نااہل ہے ۔ (سابق وزیر داخلہ احسن اقبال)
oلہٰذا ہمارے میاں نواز شریف کی طرح وہ بھی آسانی سے وزیراعظم بن سکتا ہے !
٭اب وہ عدلیہ نہیں رہی جو فون پر فیصلے کرتی تھی۔ (لاہور ہائی کورٹ)
oممکن ہے کچھ عرصے بعد وہ عدلیہ بھی نہ رہے جو فون پر فیصلے نہیں کرتی !
٭خواجہ سراﺅں نے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔ (ایک خبر)
oلہٰذا بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بننے سے اب کوئی نہیں روک سکتا !
٭فوج کو الیکشن اور سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔ (فوجی ترجمان )
oکیونکہ فوج جب خود بخود آرہی ہے تو گھسیٹنے کی کیا ضرورت ہے ؟
٭عمران خان صرف نوٹوں کی عزت کرتے ہیں۔ (مسلم لیگی رہنما طلال چودھری)
oحالانکہ میں چاہتا ہوں ”لوٹوں“ کی بھی کریں!
٭ملکی نظام درست کرکے دم لیں گے۔ (چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار)
oجبکہ عدالتی نظام درست کرنا ہمارا کام نہیں !
٭تحریک انصاف والے میرا منہ نہ کھلوائیں۔ (ریحام خان)
oباقی چیزوں کی خیر ہے !
٭جھوٹ بولنا شریف برادران کی فطرت ہے ۔ (شیخ رشید احمد سربراہ عوامی مسلم لیگ)
oلہٰذا انہیں چاہیے میری تعریف کیا کریں!
٭قومی سوچ رکھنے والوں کو سر پر بٹھاﺅں گا۔ (سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان)
oچاہے اس مقصد کے لیے مجھے اپنی وگ ہی کیوں نہ اتارنی پڑے!
٭عمران خان پگڑیاں اچھالنا بند کردیں۔ (مولانا فضل الرحمن)
oیہ اپیل میری پگڑی کی طرف سے ہے !
٭ہمارے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے ۔ (سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق)
oجو ہم بچپن سے برداشت کرتے چلے آرہے ہیں!
٭عمران نیازی نے کے پی کے میں کچھ نہیں کیا۔ (سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف)
oحتیٰ کہ ہماری طرح کرپشن بھی نہیں کی!
٭عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے ۔ (مریم نواز شریف)
oجبکہ میں پوری کوشش کررہی ہوں میرے ہاتھ میں آجائے !
٭قوم نے نواز شریف کا اصل چہرہ دیکھ لیا۔ (رہنما پیپلزپارٹی سید خورشید علی شاہ )
oیہ چہرہ ہم سے خاصا ملتا جلتا ہے !
٭عمران خان ملک کو کمزور کررہا ہے ۔ (سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ )
oیہ کام ہمارا ہے ، ہم اسے کبھی نہیں کرنے دیں گے !
٭مرتے دم تک عمران خان کا ساتھ دونگا ۔ (شیخ رشید احمد)
oکیوں جی ! عمران خان نے کیا بگاڑا ہے آپ کا ؟؟؟!
٭الیکشن ملتوی ہونے کی بات دل سے نکال دی جائے۔(چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار)
oالبتہ ذہن سے نکال کر کوئی دل میں رکھنا چاہے تو رکھ لے!


ای پیپر