ملک میں بارشوں کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہے گا: محکمہ موسمیات
کیپشن:   فوٹو/ سوشل میڈیا
16 جولائی 2019 (13:12) 2019-07-16

لاہور: ساون کا مہینہ شروع ہوگیا، ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مون سون کی مزید بارشیں ہوں گی، جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔ بارشوں کا یہ سلسلہ جمعرات تک جاری رہے گا۔

لاہور میں روزانہ کی بنیاد پر رات کے وقت اور صبح سویرے بادل برسنے کا سلسلہ آئندہ کچھ روز تک جاری رہے گا۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ژوب ڈی جی خان، ساہیوال ڈویژن، مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں، بالائی پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

لاہور میں جاری بارشوں سے موسم شاداب، لیکن گلیاں اور سڑکیں تالاب بن گئیں، ٹریفک کی روانی متاثر، سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 98 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ ایم ڈی واسا زاہد عزیز کا کہنا ہے نکاسی آب کا کام جلد از جلد نمٹایا جائے گا۔ فیصل آباد، ڈی جی خان، گوجرانوالہ، سرگودھا سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی مزید موسلا دھار بارشیں ہونگیں۔

کراچی میں بھی رم جھم کا سلسلہ دو دن مزید جاری رہے گا، اس وقت درجہ حرارت 35 سینٹی گریڈ ہے۔ پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے علاقوں میں مزید تیز بارش ہونگیں، پشاور کا پارہ آج 38، ڈی آئی خان کا 41 سینٹی گریڈ۔


ای پیپر