جنوبی افریقہ کی ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے، عاقب جاوید
16 جنوری 2021 (19:05) 2021-01-16

لاہور: سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے ساؤتھ افریقی ٹیم کا دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیدیا۔ عاقب جاوید نے کہا کہ ساتھ افریقہ کے آنے سے کرکٹ بحالی میں مزید مدد ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افریقی ٹیم کا 13 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنا خوش آئند ہے اور برسوں بعد پاکستان میں ایک بہترین ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں میدان میں نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم مضبوط ٹیم ہے اور پاکستان کو آسانی سے جیت ملنا مشکل ہے۔ لیکن پاکستان کو اپنے ہوم گراؤنڈ کا فائدہ ضرور ہو گا۔ 

ساؤتھ افریقہ کیخلاف سلیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ محمد وسیم نے بہت سارے نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا۔ اگر ڈومیسٹک کو عزت دو کا فارمولہ ہے تو اچھی بات ہے لیکن کئی ایسے کھلاڑی ہیں جنہیں ٹیسٹ ٹیم میں دیکھ کر حیرانگی ہوئی جن میں ایک حارث رؤف بھی ہیں جو ٹیسٹ کرکٹ کیلئے ابھی تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کو کسی بھی پریشر میں آئے بغیر ٹیم کا انتخاب کرنا ہو گا۔ 

عاقب جاوید نے مزید کہا کہ پی سی بی کا سب کچھ مصباح الحق کے سپرد کرنا غلط فیصلہ تھا۔ مصباح الحق کو چیف سلیکٹر بنا کر کام لیا جاتا تو بہتر تھا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی کوچنگ کیلئے کوالیفائیڈ کوچ کو لگانا چاہیے تھا۔


ای پیپر