پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین دو ٹیسٹ میچوں کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان
16 جنوری 2021 (18:11) 2021-01-16

کراچی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا ہے۔

اعلان کردہ پینل میں شامل دونوں آن فیلڈ امپائرز علیم ڈار اور احسن رضا پہلی مرتبہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ میچ ریفری جاوید ملک بھی پہلی مرتبہ  ٹیسٹ فارمیٹ میں میچ ریفری کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل علیم ڈار اب تک 132 ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کرچکے ہیں۔ انہوں نے 2003 میں ڈھاکہ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں پہلی مرتبہ کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کی تھی جبکہ انٹرنیشنل پینل میں شامل احسن رضا اب تک 37 ایک روزہ انٹرنیشنل اور 57 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اور آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف ریفریز کے رکن جاوید ملک اب تک 10 ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں اور چھ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں ریفری کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں۔دونوں ٹیموں کے مابین دونوں ٹیسٹ میچوں میں تھرڈ اور فورتھ امپائر کے فرائض آصف یعقوب اور راشد ریاض انجام دیں گے۔

سیریز میں شامل  دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 4 فروری کوپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں شروع ہوگا۔

آئی سی سی ایلیٹ پینل کے رکن علیم ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستا ن میں کھیلے جانے والے کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کے لیے تقرری ان کے لیے ایک جذباتی لمحہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وہ اب تک 132 ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کرچکے ہیں مگر بالآخر 17 سال بعد وہ لمحہ بھی آگیا ہے کہ انہیں پہلی مرتبہ اپنے ملک میں کھیلے جانے والے کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کا موقع مل رہا ہے۔


ای پیپر