فوٹو بشکریہ فیس بک

حکمران جماعت کی مشاورتی بیٹھک کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
16 جنوری 2019 (15:03) 2019-01-16

اسلام آباد: اپوزیشن کے اتحاد پر تحریک انصاف کے رہنما بھی سرجوڑ کر بیٹھے، وزرا سے رابطوں میں فقدان پر ارکان اسمبلی برہم ہو گئے۔ حکمران جماعت کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیر خزانہ اسد عمر کی سربراہی میں پی ٹی آئی کا اہم پارلیمانی اجلاس ہوا۔ کھلاڑیوں نے کھل کر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ ارکان اسمبلی کو وزراء سے ملاقات اور بریفنگ کے لیے وقت مانگنا پڑتا ہے، وفاقی وزراء کی سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ آج کے اجلاس میں بھی شرکت بھی نہیں کی۔

جنوبی پنجاب کے ارکان نے بھی وزراء سے شکایات کے انبار لگا دیئے، بولے یہی حالات رہے تو جنوبی پنجاب سے آئندہ انتخابات میں مشکل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ارکان سے وزراء کے مسلسل رابطہ کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ ہفتہ میں ایک روز ہر وزیر پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو بریف کرے گا۔

اجلاس میں اپوزیشن اتحاد پر حکومتی حکمت عملی طے کی گئی۔ معاشی صورت حال اور منی بجٹ پر اراکین کو اعتماد میں لیا گیا۔


ای پیپر