فائل فوٹو

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے
16 فروری 2020 (10:06) 2020-02-16

اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقبل مندوب منیر اکرم نے اُن کا استقبال کیا۔

تفصیلات کے مطابق انتونیو گوتریس صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور آرمی چیف سمیت دیگر شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ سیکرٹری جنرل اسلام آباد میں عالمی افغان مہاجرین کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس دورہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ایک مکالمے میں شریک ہوں گے۔ اسی روز وہ دفتر خارجہ کا دورہ بھی کریں گے اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے بعد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور وزیر خارجہ مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے۔

یو این سیکرٹری جنرل نسٹ کے ادارے سینٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ اسٹیبلٹی کا دورہ بھی کریں گے۔ وہ امن مشن میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی پیس کیپرز سے بھی ملیں گے۔

سیکرٹری جنرل صدر مملکت عارف علوی کی طرف سے دیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے، جس کے بعد وہ لاہور روانہ ہو جائیں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل لاہور میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کریں گے اور لاہور کی نجی یونیورسٹی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ سیکرٹری جنرل دورہ پاکستان کے دوران بادشاہی مسجد کرتار پورہ اور لاہور کے تاریخی قلعہ کا دورہ بھی کریں گے۔

انتونیو گوتریس نے اسلام آباد پہنچنے سے قبل ٹوئٹ میں پاکستان کی امن کاوشوں کا برملا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان امن کا مستقل مزاج اور قابل بھروسہ حصہ دار ہے۔ یو این سیکرٹری جنرل نے پاک فوج کی خواتین افسران کے دستے کی تصویر بھی شیئر کی۔


ای پیپر