پہلی بار امریکہ مودی کیخلاف کھڑا ہو گیا
16 دسمبر 2019 (18:20) 2019-12-16

نئی دہلی:بھارت میں شہریت کے متنازع بل کی منظور ی کے بعد جہاں مودی حکومت خطرے میں نظر آرہی ہے وہیں امریکہ اور چین سمیت پوری دنیا میں اس بل کو شدید تنقید کا نشانہ بنا یا جا رہا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق چینی اخبار ساوتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اس اقدام کے ذریعے خود اپنے ملک کے خلاف جنگ چھیڑ دی ہے جس کی معیشت مسلسل زوال پذیر ہے،رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی معیشت کو دلدل سے نکالنے کی بجائے مودی حکومت دوسرے اقدامات اٹھانے میں مصروف ہے جو سیکولر ازم پر مبنی بھارتی آئین کے یکسر منافی اور جرمنی میں نازی دور کی کارروائیوں سے مشابہ ہے۔

دوسری جانب مودی کو پہلی بار امریکی مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے،امریکی ایلچی برائے مذہبی آزادی سام براون بیک کے مطابق امریکہ کو بھارت کے شہریت بل پر شدید تشویش ہے،انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنے آئین اور جمہوری اقدار کے مطابق اقلیتوں کے حقوق کا خیال رکھنا چاہیے،اس سے قبل امریکہ کے فیڈرل کمیشن برائے عالمی مذہبی آزادی نے بھی بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا۔

واضح رہے بگڑتے حالات کے پیش نظر برطانیہ، امریکہ، کینیڈا اور دوسرے مغربی ممالک نے اپنے شہریوں کو بھارت کا سفر نہ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔


ای پیپر