فردوس عاشق اعوان کیخلاف توہین عدالت ،اہم پیش رفت
16 دسمبر 2019 (17:13) 2019-12-16

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت 9 جنوری تک ملتوی کر دی جبکہ درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے فردوس عاشق اعوان کی تقریر کے اخباری تراشے الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیئے گئے۔

پیر کو الیکشن کمیشن میں فردوس عاشق اعوان کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر قائم مقام چیف الیکشن کمشنر الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی،درخواست گزار خالد محمود کی جانب سے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئیں، جبکہ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کی جانب سے ان کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے،درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے فردوس عاشق اعوان کی تقریر کے اخباری تراشے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے، درخواست گزار کی وکیل نے کہا کہ پیمرا سے فردوس عاشق اعوام کی تقریر کی ویڈیو منگوائی جائے.

قائم مقام چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پہلے ثابت کریں کہ فردوس عاشق اعوان کے بیان سے توہین عدالت ہوئی، فردوس عاشق اعوان کے وکیل نے کہا کہ فروس عاشق اعوان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست ہائی کورٹ میں بھی دائر کی گئی تھی، ہائی کورٹ نے توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی ہے،درخواست گزار کی وکیل نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان کے معافی مانگنے پر ہائی کورٹ نے درخواست نمٹائی،ریکارڈ جمع کرانے کیلئے مزید وقت دیا جائے،کیس کی سماعت 9 جنوری تک ملتوی کر دی گئی ۔


ای پیپر