فائل فوٹو

عابد علی ٹیسٹ، ون ڈے ڈیبیو میں سنچری کرنے والے پہلے بیٹسمین بن گئے
16 دسمبر 2019 (09:36) 2019-12-16

لاہور: عابد علی ٹیسٹ اور ون ڈے ڈیبیو میں سنچری کرنے والے دنیا کے پہلے بیٹسمین بن گئے، بیٹے کی کامیابی پر والدین بے حد خوش نظر آئے۔

پاکستان سری لنکا ٹیسٹ میچ عابد علی کیلئے کئی حوالوں سے یادگار بن گیا۔ سری لنکا کیخلاف ڈیبیو پر سنچری داغی تو کئی ریکارڈز عابد علی کی جھولی میں آ گرے۔ وہ ون ڈے اور ٹیسٹ ڈیبیو میں سنچری بنانے والے دنیا کے واحد کرکٹر بن گئے۔ اس کے علاوہ دس سال بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سنچری کرنے والے پہلے بلے باز کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔ وہ ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری بنانے والے پاکستان کے 13 ویں بلے باز بنے۔

عابد علی کو شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایواڈ دیا گیا۔ اوپنر کرکٹر کے والدین بھی بیٹے کی کامیابی پر خوشی سے سرشار ہیں، والد نے کہا کہ عابد علی نے یہ اعزاز حاصل کرکے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

والدہ کہتی ہیں کہ میرے بیٹے نے آج ریکارڈ قائم کیا جس پر بہت خوشی ہے۔ دعا ہے میرا بیٹا اسی طرح پاکستان کا نام روشن کرتا رہے۔


ای پیپر