ٹرمپ نے وائٹ ہائوس کے ملازم کو کتا اور گھٹیا کہہ دیا
16 اگست 2018 (18:42) 2018-08-16

واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق وائٹ ہاؤس اسٹافر اماروسا مانیگالٹ نیومین کے لیے ’کتے‘ اورگھٹیا ‘ جیسے الفاظ کا استعمال کیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے اس معاملے پر ٹوئٹر پر سخت بیان دیا ۔


تفصیلات کے مطابق صدر ٹرمپ اور نیومین کے درمیان تناؤ میں اس وقت اضافہ ہوا، جب وائٹ ہاؤس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس سابقہ اسٹافر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی جب کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے نیومن کے خلاف ٹوئٹر پر سخت الفاظ کا استعمال کیا گیا۔یہ بات اہم ہے کہ وائٹ ہاؤس کی ملازمہ نیومن کو دسمبر 2017 میں ملازمت سے برطرف کر دیا گیا تھا۔ وہ افریقی امریکی برادری کے لیے وائٹ ہاؤس کی رابطہ کار کے بہ طور کام کرتی تھیں۔ اس برطرفی کے بعد نیومن نے اپنی کتاب میں وائٹ ہاؤس میں گزرے دنوں کی تفصیلات لکھی ہیں، جن میں صدر ٹرمپ اور ان کے اہل خانہ کی بابت سخت نوعیت کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔


صدر ٹرمپ کے ’دوبارہ انتخاب کی مہم پر کام کرنے والی ٹیم جو 2020 کے انتخابات کے لیے ابھی سے کام کر رہی ہے، مانیگالٹ نیومین کے خلاف مقدمہ درج کروا رہی ہے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے 2016ء میں طے کردہ اس معاہدے کی خلاف ورزی کی، جس کے تحت انہیں وائٹ ہاؤس میں کام کے دوران حاصل ہونے والی معلومات کو خفیہ رکھنا تھا۔ ٹرمپ کی اس انتخابی ٹیم کا کہنا ہے کہ اپنی کتاب کی تشہیر کے لیے ایک پریس کانفرنس میں مانیگالٹ نیومین نے وہ تفصیلات ظاہر کیں، جو انہیں خفیہ رکھنا تھیں۔


ای پیپر