نواز شریف کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا : عابد شیر علی
16 اپریل 2018 (19:53) 2018-04-16

فیصل آباد : سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو تاحیات نااہل قراردینے والے انہیں 22 کروڑ عوام کے دلوں سے تاحیات نہیں نکال سکتے ۔قائد میاں محمد نواز شریف کے سپاہی انہیں پہلے سے زیادہ طاقت سے دوبارہ اقتدار میں لائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار وزیرمملکت برائے توانائی عابد شیرعلی نےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا ملک کی ترقی، خوشحالی اور عوام کی بے لوث خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف محض ایک فرد کا نام نہیں بلکہ ایک نظریے اور فلسفے کا نام ہے جس کی بنیادیں پاکستانی عوام کی خدمت ، آئین کی سربلندی اور ووٹ کی حرمت پر استوار ہیں۔قائد میاں محمد نواز شریف جب اقتدار میں آئے ملک و قوم اور اداروں کی توقیر میں اضافہ کیا ہے انہیں ملکی ترقی ‘ خوشحالی کی سزا دی جارہی ہے ان کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے ملک سے دہشت گردی ‘ لوڈشیڈنگ سمیت دیگر بحرانوں کا خاتمہ کیا ۔صنعتی ترقی اور معیشت کی مضبوطی کا کریڈٹ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والوں کو اپنے عزائم میں ناکامی ہوئی ہے۔جھوٹ اور الزام تراشی کی سیاست کرنیوالے نام نہاد لیڈرکبھی پاکستان کی خدمت نہیں کرسکتے۔ نیا پاکستان بنانے کا خواب دیکھنے والوں نے دن رات جھوٹ بولا اور الزام تراشی کی۔ مسلم لیگ (ن) نے عوام کی بے لوث خدمت کی اور ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا۔پاکستان کے عوام آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹوں سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔


ای پیپر