Photo Credit : Yahoo

اس عدلیہ کو سلام پیش کرتا ہوں جس نے طاقتور کا احتساب کیا:عمران خان
16 اپریل 2018 (19:17) 2018-04-16

مردان :پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے لٹیرے اکٹھے ہو کر اداروں پر حملے کر رہے ہیں،مینارپاکستان پر اعلیٰ عدلیہ کے حق میں عوام کو نکالوں گا، نواز شریف 30ہزار کروڑ روپے چوری کر کے باہر بھیجنے پر نکالا گیا، میرا وعدہ ہے قوم کو کسی سے بھیک مانگنے نہیں دوں گا، سب سے زیادہ پروٹوکول لینے میں شہباز شریف پہلے نمبر پر ہے، الیکشن میں ووٹ بیچنے والوں کو پارٹی سے نکال دیں گے، نواز شریف نے چار بار نااہل ہو کر ورلڈ ریکارڈ بنایا ہے، قبائلی علاقوں کو پختونخوا میں فوری ضم کیا جائے گا، پوری قوم عدلیہ اور جے آئی ٹی کے ساتھ کھڑی ہے، اس عدلیہ کو سلام پیش کرتا ہوں جس نے طاقتور کا احتساب کیا، ہم حکومت میں آ کر سادگی اپنائیں گے اور سب کےلئے ایک قانون ہو گا۔وہ پیر کو مردان میں عوامی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ شاندار استقبال پر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مولانا ڈیزل سے لگتا ہے لوگوں کو عشق ہے، فضل الرحمان کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو سازش کی ضرورت نہیں ہے، فضل الرحمان ہر حکمران کے ساتھ مل جاتا ہے لیکن عمران خان کے ساتھ نہیں آ سکتے، اس نے جتنی باریاں لینی تھیں لے لیں، کشمیر کمیٹی کا چیئرمین دنیا کی سیر کررہا ہے اور کشمیری پریشان ہیں، آنے والا وقت ثابت کرے گا کہ ہم ٹھیک تھے اور ہمارا نظریہ ملک کے حق میں بہترین ہو گا،29تاریخ کو میں دیکھتا ہوں کہ مردان سے کتنے لوگ آئیں گے، ہمارے پاکستان کا سب سے بڑا تاریخ کا جلسہ ہو گا، مشکل تو ہو گا یہاں کے لوگوں کےلئے لیکن جب بھی ضرورت پڑی یہاں کے لوگ آگے آگے رہے، ہمارا 126دن کا دھرنا پاکستان کی جمہوریت کےلئے تھا، اس وقت لوگ جاگے اور میں اب آپ کا امتحان لوں گا کہ آپ کو کتنا شعور ہے، میں مینار پاکستان سارے پاکستان کے لوگوں کو ایک مقصد کےلئے بلا رہا ہوں، سارے ملک کے چور اکٹھے ہو کر ہمارے اداروں، سپریم کورٹ پر حملہ کر رہے ہیں، جے آئی ٹی کے لوگوں کو ہراساں کررہے ہیں، واجد ضیاءکے ساتھ ساری قوم ہے، جسٹس اعجاز الاحسن کے ساتھ بھی ساری قوم ہے، قوم انصاف اور عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے اور لٹیروں کا احتساب کرے گی انتخابات میں، عوام کا پیسہ چوری کر کے ملک سے باہر بھیجا جاتا ہے، یہ لوگ منصوبوں سے بھی بڑا کمیشن اکٹھا کرتے ہیں، جو پیسہ عوام پر لگنا چاہیے وہ حکمران چوری کر کے ملک سے باہر بھیج دیتے ہیں جس سے پیسے کی قدر کم ہوتی ہے اور ہمیں غیر ملکی قرضے لینے پڑتے ہیں، جس سے ملک پیچھے جاتا ہے، قرضوں کی قیمت مہنگائی سے پوری کی جاتی ہے، اس کی وجہ سے ہر چیز پر ٹیکس لگ جاتے ہیں اور عوام مہنگائی کے ذریعے غریب سے غریب تر ہو جاتے ہیں.

امیروں کے بچے ارب پتی بن جاتے ہیں، یہ جب کہتے ہیں کہ جمہوریت بچا رہے ہیں تو سچ میں یہ لوگ اپنے مفادات بچا رہے ہوتے ہیں، نواز شریف کو 300ارب روپے چوری کرنے پر نکالا گیا، نواز شریف نے 4بار نااہل ہو کر ریکارڈ بنا دیا ہے، ایسا دنیا کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا، میں اپنی عدلیہ کو بتانے کےلئے لوگ اکٹھے کر رہا ہوں کہ لوگ احتساب ہونے پر خوش ہیں ،پہلی بار طاقتور کا احتساب ہو رہا ہے، ہماری عدلیہ نے ماضی میں کبھی اقتدار میں چوروں کا احتساب نہیں کیا، اس عدلیہ کو ہم سلام پیش کرتے ہیں، مجھے نیا پاکستان نظر آرہا ہے، جہاں قانون سب کےلئے برابر ہو گا اور طاقتور اور کمزور کےلئے ایک قانون ہو گا، نئے پاکستان کے حکمران سادگی اختیار کریں گے، پاکستان میں سب سے زیادہ پروٹوکول شہباز شریف کا ہے اور وہ خود کو خادم اعلیٰ کہتا ہے، پرویز خٹک سب سے کم پروٹوکول لیتا ہے، ہم عوام کے پیسے پر عیاشیاں نہیں کرتے، میں نے کے پی حکومت کا ایک روپیہ اپنے اوپر خرچ نہیں کیا اور نہ ایک آدمی سرکاری بھرتی کرلیاہے، ساری دنیا میں ہم سب سے کم ٹیکس دیتےہیں، میں اس قوم سے ٹیکس اکٹھا کروں گا اور بیرون ملک والوں سے کبھی بھیک نہیں مانگیں گے، میں پاکستان کی عوام کو کسی کے سامنے جھکنے نہیں دوں گا، ایوب خان کو امریکہ کا صدر ایئرپورٹ پر لینے آیا اور شاہد خاقان کے کپڑے اتار دیئے گئے، یہ ہماری قوم کی بے عزتی ہے، جب بھیک مانگیں گے تو ایسے ہی ہو گا، میں اپنی قوم سے سب سے زیادہ پیسے اکٹھے کرتا ہوں، میرے سب خیراتی ادارے یہ قوم اپنے پیسوں سے چلاتی ہے، پاکستانی ساری دنیا میں سب سے زیادہ خیرات دیتے ہیں، رائےونڈ کے بادشاہ عوام کے پیسے لوٹ کر باہر بھیج رہے ہیں.

ہم اپنی قوم کو پاﺅں پر کھڑا کریں گے اور اپنے ادارے مضبوط کریں گے، الیکشن میں ووٹ بیچنے والوں کو پارٹی سے نکالیں گے، ایک تنظیم پاک فوج کے خلاف بات کررہی ہے، میں نے کہا کہ ہمیں امریکہ کی جنگ میں شرکت نہیں کرنی چاہیے تھی، فوج کا اس میں قصور نہیں ہے، اس کا ایک حل ہے کہ قبائلی علاقوں کو پختونخوا میں ضم کیا جائے تا کہ قبائلی علاقوں میں بھی ترقیاتی کام شروع ہو سکیں، فضل الرحمان اور اچکزئی نے انضمام کو روکا اور قبائلیوں کو مشکلات کا سامنا ہے، ہم الیکشن جیت کر فوری طور پر انضمام کریں گے اور قبائلیوں کے علاقوں میں ترقیاتی کام کرائیں گے، ساری مسلمان دنیا میں آگ لگی ہے، پاک فوج سے جس نے پاکستان کو اس آگ سے بچایا ہے ہم پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔


ای پیپر