فوٹوبشکریہ فیس بک

بیگم کلثوم نواز ایک عظیم عورت تھیں، جو ٹاسک ملا اسے پورا کریں گے: شیخ رشید
15 ستمبر 2018 (15:45) 2018-09-15

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ کسی غریب کو تنگ نہیں کریں گے اور کسی مگرمچھ کو نہیں چھوڑیں گے، وزیر اعظم نے جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اتریں گے اور جو ٹاسک ملا ہے اسے انشاءاللہ پورا کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز ایک عظیم عورت تھیں، ان کے انتقال پر شریف خاندان سے افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 100 دن میں ٹرینوں میں وائی فائی اور ٹریکنگ سسٹم لگائیں گے اور تمام بڑے سٹیشنوں پر وائی فائی سسٹم لگائیں گے، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ تمام سٹیشنوں پر شہریوں کو صاف پانی فراہم کیا جائے اس کے لئے سات ریجنل ہیڈ کوارٹرز میں صاف پانی کی فراہمی کے ٹینڈر دیئے جارہے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کو سٹیشنوں کی تزئین و آرائش کی پیش کش کر رہے ہیں جبکہ روہی اور موئن جودڑو ایکسپریس کو اپ گریڈ کریں گے، وزیر اعظم نے جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اتریں گے اور جو ٹاسک ملا ہے اسے انشاءاللہ پورا کریں گے۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ کسی کچی آبادی کو نہیں چھیڑیں گے اور کسی غریب کو تنگ نہیں کریں گے مگر کسی مگرمچھ کو نہیں چھوڑیں گے۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ معذور افراد اور ان کے ساتھ ایک ساتھی کو ٹکٹ پر 50 فیصد رعائت دی جائے گی۔

10 ہزار افراد میرٹ پر فوری رکھنا چاہتے ہیں، ماضی میں ایک ریلوے سٹیشن پر 4،4 کروڑ روپے لگائے گئے، فریٹ کی ڈویلپمنٹ پر زیادہ زور دینا چاہتا ہوں، ریلوے ہسپتالوں سے متعلق نجی سطح پر رابطے کئے جائیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ تمام سٹیشنز کو لوگوں کے معیار کے مطابق بنائیں گے،20 دن میں 2 ٹرینیں تیار کیں، 100 دن میں مزید خوشخبری دیں گے۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 


ای پیپر