کسٹم عدالت نے ایان علی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے
15 ستمبر 2018 (14:49) 2018-09-15


راولپنڈی: کسٹم عدالت نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ۔


تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں کرنسی سمگلنگ کیس کی جج ارشد بھٹہ نے سماعت کی تاہم ماڈل ایان علی عدالت میں پیش نہ ہوئیں جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بار بار طلبی کے باوجود ملزمہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے پیش نہیں ہورہی۔


عدالت نے ماڈل ایان علی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزمہ کو گرفتار کرکے 6 اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا جائے اور اگر انہیں آئندہ سماعت پر پیش نہ کیاگیا تو مزید سخت کارروائی کریں گے۔واضح رہے کہ ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد سے دبئی جاتے ہوئے بینظیر بھٹو ایئرپورٹ پرکرنسی سمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔


ای پیپر