آزاد ی مارچ سے متعلق عمران خان کا اہم فیصلہ
15 اکتوبر 2019 (23:42) 2019-10-15

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ سے نمٹنے کے لیے پارٹی ارکان کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، اجلاس بدھ سہ پہر 3 بجے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے بدھ کو پارٹی ارکان کا اہم اجلاس طلب کیا ہے، اجلاس میں ارکان سے آزادی مارچ سے نمٹنے کے لیے تجاویز لی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں تحریک انصاف آزادی مارچ سے متعلق حکمت عملی بنائے گی، اجلاس میں سیاسی، معاشی معاملات، اور مہنگائی سے متعلق فیصلوں کا بھی امکان ہے۔

علاوہ ازیں، وزیر اعظم دورہ سعودی عرب، ایران اور چین پر بھی ارکان کو اعتماد میں لیں گے، تنظیم سازی، صوبائی تنظیموں کو تحلیل کرنے کا معاملہ بھی اجلاس میں زیر غور آئے گا۔یاد رہے کہ اس سے قبل 12 مارچ کو وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ آزادی مارچ پر بات چیت کا آپشن کھلا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام سے بات چیت کے لیے کمیٹی کی فی الحال ضرورت نہیں، اگر کوئی خود مدرسہ ریفارمز سمیت تمام اہم ایشوز پر بات کرنا چاہے تو ہمارے دروازے بند نہیں۔یہ بات انھوں ںے حکومتی ترجمانوں کا اجلاس میں کہی تھی، جس میں جے یو آئی ف کا آزادی مارچ اور دھرنا زیر غور آیا تھا، عمران خان نے حکومتی ترجمانوں پر واضح کیا کہ کسی کو قانون توڑنے کی اجازت نہیں دیں گے خلاف ورزی کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری کو بھی اہم ٹاسک دیا تھا اور سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کی تھی۔


ای پیپر