حکومت کی میڈیا پالیسی درست نہیں ہے: شیخ رشید
15 اکتوبر 2019 (15:38) 2019-10-15

ننکانہ صاحب: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے تسلیم کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان دھرنے سے متعلق حکومت کی میڈیا پالیسی درست نہیں ہے، ہماری غلطی ہے کہ دھرنے والوں کو خوامخواہ لفٹ کرائی،مولانا فضل الرحمان کا معاملہ ٹھیک ہو جائے گا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سب اچھا ہے، کوئی خوف وہراس نہیں، اسلام آباد میں دھرنے کی کوئی گنجائش نہیں، مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کے لیے انتظامات سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔مولانا فضل الرحمان کا معاملہ ٹھیک ہو جائے گا، وہ اپنی سیاسی ساکھ بچانے کے لیے راستہ مانگ رہے ہیں، ہوسکتا ہے درمیانی راستہ نکل آئے، انہیں فیس سیونگ دی جاسکتی ہے، اس سلسلے میں فضل الرحمان کو کشمیر پر ریلی نکالنے کی اجازت دی جا سکتی ہے، ہماری غلطی ہے کہ ہم نے انہیں بہت زیادہ لفٹ کرائی ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ میں نے کیبنٹ میں بھی کہا ہے کہ ہماری میڈیا پالیسی مناسب نہیں ہے، ہم خوامخواہ دھرنا دینے والوں کو لفٹ کرا رہے ہیں۔وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری مولانا فضل الرحمان کے دھرنے سے ڈرے ہوئے ہیں۔میاں شہباز شریف بھی وکٹ کے دونوں طرف نظر آ رہے ہیں، انہیں کہا ہے کہ ایک طرف کھیلیں، آسمان پر رہیں یا پھر اپنے قدم زمین پر رکھ لیں۔


ای پیپر