فائل فوٹو

برطانوی شاہی جوڑے کی صدر اور وزیراعظم سے الگ الگ ملاقاتیں
15 اکتوبر 2019 (14:45) 2019-10-15

اسلام آباد: برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم ہاؤس میں عمران خان سے ملاقات کی۔

اس سے قبل شاہی جوڑے نے اسلام آباد میں سرکاری اسکول کا دورہ کیا۔ پرنس ولیم اور ان کی اہلیہ کلاسز میں گئے، بچوں سے ملاقات کی اور اساتذہ سے مصافحہ کیا۔ شاہی جوڑا الگ الگ میزوں پر بچوں کے ساتھ بیٹھ گیا اور ان میں گھل مل گیا۔ انہوں نے بچوں سے مزے مزے کی باتیں کیں اور سبق بھی سنا۔

برطانوی شاہی جوڑے نے مارگلہ ہلز میں ندی کی سیر کی اور حکام نے انہیں مارگلہ نیشنل پارک پر بریفنگ بھی دی۔ شاہی جوڑا مارگلہ نیشنل پارک کی خوبصورتی سے بہت متاثر ہوا۔ شاہی جوڑے نے ٹریل فائیو کا بھی دورہ کیا جبکہ ماحولیاتی تحفظ سے متعلق تقریب میں بھی شرکت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن 5 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے وہ 18 اکتوبر کو وطن واپس روانہ ہوں گے۔ گزشتہ 10 سال میں کسی برطانوی شاہی جوڑے کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔


ای پیپر