وزیر اعلیٰ عثمان بزدار وزیر اعظم عمران خان کی بیگم کا انتخاب ہیں،محمد زبیر
15 اکتوبر 2018 (23:17) 2018-10-15

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے انکشاف کیاہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار وزیر اعظم عمران خان کی بیگم کا انتخاب ہیں اور ان کے حوالے سے تحریک انصاف کا کوئی نظریاتی کارکن کچھ نہیں کر سکتا، اسد عمر کوسچی باتیں کرنے کی عادت ہے اور تھوڑی تھوڑی سچی باتیں کرنا شروع کردی ہیں۔

حکومت کے پاس مسائل کا کوئی حل نہیں ہے ، صرف الزامات لگائے جاتے ہیں اور الزامات لگانا حکومت نہیں اپوزیشن کا کام ہے۔نجی ٹی وی کے پر وگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار وزیر اعظم عمران خان کی بیگم کا انتخاب ہیں اور ان کے حوالے سے تحریک انصاف کا کوئی نظریاتی کارکن کچھ نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ حکومت جو سمجھ رہی تھی کہ سارا الزام پچھلی حکومت پرڈال دینے سے لوگ اس کو ہار پہنائیں گے وہ درست ثابت نہیں ہوا ، لوگ ان سے ڈلیور کرنے کی توقع کررہے تھے لیکن حکومت نے دو ماہ میں عوام کی کمر توڑ کررکھ دی ہے۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ان کے پاس مسائل کا کوئی حل نہیں ہے اورنہ ہی ان کے پاس کوئی ٹیم ہے ، ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ ناکام ہوتے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پچاس لاکھ گھروں کیلئے کوئی ادارہ اتنے بڑے لیول پر سرمایہ کاری نہیں کرسکتا ، اٹھارویں ترمیم کے تحت سرکاری زمین صوبوں کے دائرہ اختیار میں ہے اور حکومت نے صوبوں سے بات کئے بغیر ہی گھروں کیلئے سرکاری زمین کی فراہمی کا اعلان کردیاہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مسلسل الزامات لگائے جاتے ہیں اور پھر حکومت ایک الزام پر قائم رہے بغیر دوسرے الزام پرچلی جاتی ہے ، حکومت کے پاس مسائل کا کوئی حل نہیں ہے ، صرف الزامات لگائے جاتے ہیں اور الزامات لگانا حکومت نہیں اپوزیشن کا کام ہے۔انہوں نے کہا کہ اسد عمر کوسچی باتیں کرنے کی عادت ہے اور تھوڑی تھوڑی باتیں کرنا شروع کردی ہیں اور اب باقی بھی بتا دیں گے۔


ای پیپر