حکومت بدلنے کی کسی بھی سازش کیخلاف بھرپور مزاحمت کرینگے‘ شجاعت حسین
15 اکتوبر 2018 (18:15) 2018-10-15

چکوال:پاکستان مسلم لیگ (ق)کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت کو اپنی مدت پوری کرنی چاہئے، کسی بھی سازش کے ذریعے حکومت کو بدلنے کی کوشش کی گئی تو بھرپور مزاحمت کریں گے۔

وہ تلہ گنگ میں مبارکباد دینے آنے والوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ عمران خان نے 100 دن کا پلان دیا ہے 100 دن میں پچاس لاکھ گھر نہیں بنا کر دینے، وزیراعظم عمران خان 100 دن کی بجائے ساڑھے چار سال کا منصوبہ دیں، عمران خان کی نیت صاف ہے اگر سازشی عناصر نے رکاوٹ نہ ڈالی تو وہ ملک کیلئے ضرور کچھ کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام نے 22 سال کے بعد عمران خان کو بھرپور مینڈیٹ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں حلقہ این اے 65 سے چودھری سالک حسین کی سب سے زیادہ 68 ہزار کی لیڈ ہے جبکہ دوسرے نمبر پر گجرات سے ہمارے ہی گھر سے مونس الہی 50 ہزار کی لیڈ سے جیتے ہیں، میں عوام کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ہم پر مسلسل اعتماد کا اظہار کیا، ہم انشا اللہ اس بات کا پاس رکھیں گے.

گجرات کے بعد تلہ گنگ ہمارا دوسرا گھر ہے، انشا اللہ حلقہ میں ہم ترقیاتی کاموں، بجلی، گیس اور صحت کے شعبوں میں خصوصی توجہ دیں گے جو علاقے بجلی اور گیس سے محروم ہیں وہاں بجلی و گیس پہنچائیں گے، بلکسر‘میانوالی روڈ دو رویہ کرائیں گے اور جن علاقوں میں ہسپتال کی سہولت موجود نہیں وہاں ہنگامی بنیادوں پر موبائل ہسپتال کا بندوبست کیا جائے گا، حافظ عمار یاسر اور تلہ گنگ کے عوام نے نے ہمارے خاندان کا جو ساتھ دیا ہے اور جو محبت کی ہے اسے کبھی نہیں بھلا سکتے۔


ای پیپر