Lahore Qalandars, Peshawar Zalmi, Mohammad Hafeez, excellent batting
کیپشن:   Photo by Twitter
15 نومبر 2020 (12:46) 2020-11-15

کراچی: پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایلیمنٹر میچ میں محمد حفیظ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ پشاور زلمی فائنل کی دوڑ سے باہر جبکہ قلندرز دوسرے ایلیمنیٹر میں پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق 171 رنز کا ہدف لاہور نے 19 اوورز میں حاصل کیا، محمد حفیظ نے 74 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی جبکہ ڈیویڈ ویزے نے 16 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔

اس سے قبل پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 170 رنز اسکور کیے، شعیب ملک 39 رنز کیساتھ ٹاپ سکورر رہے، شاہین آفریدی، حارث رؤف، ڈیوڈ وائز نے 2.2 شکار کیے۔

واضح رہے کہ دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز کا آج ملتان سلطانز سے مقابلہ ہو گا۔

ادھر پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو اچھے کھیل پر مبارکباد پیش کی، انہوں نے کہا کہ محمد حفیظ نے ثابت کیا کہ تجربے کا کوئی نعم البدل نہیں۔ میچ کسی بھی موقع پر یکطرفہ نہیں لگا، آخری تین اوورز میں ہم اچھی بولنگ نہیں کراسکے تھے۔ میں یہ ذمہ داری تسلیم کرتا ہوں کہ آخری لمحات میں اچھی بولنگ کرنا چاہئے تھی۔

دوسری جانب کراچی کنگز پہلی بار فائنل میں پہنچ گئی، کنگز نے پہلے کوالیفائر میں ملتان کو شکست دی ، میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔

محمد عامر کے یارکرز کے سامنے ملتان کے بلے باز بے بس رہے، 14 رنز کے تعاقب میں سلطانز 9 رنز ہی بنا سکے۔ اس سے پہلے دونوں ٹیموں نے مقررہ اوورز میں 141 رنز بنائے، بابر اعظم نے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ملتان کی جانب سے روی بوپارہ نے 40 رنز بنائے، جبکہ سہیل تنویر نے تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

خیال رہے کہ شائقین کرکٹ کل کھیلے گئے دونوں میچز سے خوب لطف اندوز ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو قومی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتا دیکھ کر اُن کو اچھا لگا ہے۔


ای پیپر