اگلے سال تک ہمارا نیا وزیر اعظم ہو گا :بلاول بھٹو
15 نومبر 2019 (22:01) 2019-11-15

اسلام آباد: ملک کی بدلتی سیاسی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے جہاں دیگر سیاسی جماعتیں اپنی اپنی تحریک چلائے ہوئے ہیں وہیں بلاول بھٹو نے بھی دعویٰ کیا کہ اگلے سال تک ہمارا نیا وزیر اعظم ہوگا ۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بلاول نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان سے کیے گئے وعدے پورے کیے، ہم نے آزادی مارچ میں شرکت بھی کی اور خطاب بھی کیا۔ پیپلز پارٹی کی عوامی مہم برقرار رہے گی۔ پیپلز پارٹی کا اس بار یوم تاسیس آزاد کشمیر میں ہوگا، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشی حالات ٹھیک سمت میں نہیں چل رہے۔ ہمارے اداروں کا معاشی حالات میں عمل دخل نہیں ہونا چاہیے۔ جو بھی یہ کہہ رہا ہے کہ معاشی حالات ٹھیک ہیں، ان سے کہوں گا کہ بیروزگاروں سے پوچھیں وہ کس عذاب سے گزر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا پیپلز پارٹی جمہوریت چاہتی ہے،ہماری خارجہ پالیسی تاریخی بحران سے گزر رہی ہے۔ دوہری پالیسی کا نقصان نظام پر ہوتا ہے، عوامی حکومت کی عوامی پالیسیاں ہوتی ہیں۔

مہنگائی کا بوجھ غریب پر کم اور طاقتور پر زیادہ ہونا چاہیے لیکن عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔ حکومت کی نااہلی کا بوجھ پاکستانی عوام اٹھا رہے ہیں۔ جب سے نااہل حکومت آئی ہے، معاشی حالت بد سے بدتر ہو گئے ہیں۔


ای پیپر