کویتی وزیر اعظم کابینہ سمیت مستعفی
15 نومبر 2019 (20:13) 2019-11-15

کویت سٹی:کویت کے وزیراعظم وزرا کے مابین چپقلش کے الزامات اور کارکردگی پر تنقید کے باعث اپنی کابینہ سمیت عہدے سے مستعفی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شیخ جابر مبارک الصباح نے کابینہ کا استعفی امیر کویت کے پاس جمع کروایا تا کہ کابینہ کی تجدید نو کی جاسکے۔کویت میں ریٹائرڈ ملازمین کے لیے گئے قرضوں پر حکومتی پینشن ادارے کی جانب سے سود وصول کرنے کا معاملہ سامنے آیا تھا جس پر اسلامی قوانین کی خلاف ورزی کے حوالے سے پارلیمان میں جواب دہی سے بچنے کے لیے کویتی وزیر خزانہ گزشتہ ماہ مستعفی ہوگئے تھے۔

جس کے بعد وزیر برائے پبلک ورکس نے بھی بدانتظامی اور عوامی پیسے کے غلط استعمال کے حوالے سے پارلیمان کی طویل تفتیش پر استعفی کا اعلان کردیا تھا۔بعدازاں منگل کے روز پارلیمان نے وزیر داخلہ شیخ خالد الجراح الصباح سے بھی اسی قسم کے الزامات پر پوچھ گچھ کی اور اراکین پارلیمنٹ نے ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی پیش کی۔


ای پیپر