نواز شریف نے کسی سے ڈیل نہیں کی : اسحاق ڈار
15 نومبر 2019 (17:55) 2019-11-15

لندن:سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ نوازشریف نے کسی بھی اصول پر سمجھوتا نہیں کیا، نوازشریف نے حکومت کے ساتھ کسی بھی قسم کی کوئی ڈیل نہیں کی،میاں نوازشریف ڈیل پر یقین نہیں رکھتے، ڈیل کے حوالے سے افواہیں پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے،نوازشریف کو پیچیدہ طبی مسائل کا سامنا ہے۔

ایک انٹرویو میں اسحاق ڈار نے  کہا کہ میاں نواز شریف کا مورال ہائی ہے اور وہ پرامید ہیں کہ وہ جلد صحت یاب ہوجائیں گے،میری نوازشریف کے ڈاکٹرز کے ساتھ گفتگو ہوئی ہے جن کا یہ کہنا ہے کہ نواز شریف کو صحت کے مشکل مسائل کا سامنا ہے۔نوازشریف کو درپیش صحت کے مسائل سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کی جان کو خطرہ لاحق ہے،نوازشریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد میں اتار چڑھاؤ جاری ہے یہ مستحکم نہیں ہورہے، نوازشریف کو سروسز ہسپتال میں بھی ایک ہارٹ اٹیک ہوا ہے،میاں نوازشریف نے 3بار اس ملک کی بطور وزیراعظم خدمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف نے قومی خزانے سے ایک روپے کی بھی لوٹ مار نہیں کی،فوٹو کاپی کی بنیاد پر بنائے گئے، مقدمات میں نوازشریف کو سزائیں دی گئیں پہلے مقدمہ میں نوازشریف کی سزا اسلام آباد ہائی کورٹ معطل کرچکی ہے،میں نوازشریف کو پیغام دوں گا کہ وہ اس وقت اپنی توجہ صحت پر مرکوز رکھیں،اور اپنی صحت کے حوالے سے کی جانے والی منفی باتیں نہ سنیں،اللہ تعالیٰ سب دیکھ رہے ہیں کہ نوازشریف کے ساتھ کیا ہورہا ہے، اور یہ سب کیس فوٹوکاپیز کی بنیاد پر بنا ہے۔لیکن انشااللہ نوازشریف پانامہ کیس سے بھی سرخرو ہونگے۔


ای پیپر