دس سالوں میں ڈرائیور کے بغیر گاڑیاں چلیں گی : فواد چوہدری
15 مئی 2019 (20:04) 2019-05-15

اسلام آباد:قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو وفاق وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بتایا ہے کہ آئندہ دس سالوں میں سات ٹیکنالوجیز دنیا کو بالکل بدل دیں گی ، بغیر ڈرائیور کے گاڑیاں آجائیں گی ، دس سالوں میں ڈرائیونگ سے وابستہ لاکھوں نوکریاں قائم نہیں رہ سکیں گی۔

ایک اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ پی سی ایس آئی آر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی ریڑھ کی ہڈی ہے ،ہم نے پانچ سالوں میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں ریسرچ پر 80 کروڑ خرچ کیا جبکہ بھارت نے 2 ٹریلین خرچ کیا ہے ، سات ٹیکنالوجیز آئندہ دس سالوں میں دنیا کو بالکل بدل دیں گی ،تھری ڈی پرنٹرز آبجیکٹ کو کاپی کر سکیں گے ، بغیر ڈرائیور کے گاڑیاں آجائیں گی ، دس سالوں میں ڈرائیونگ سے وابستہ لاکھوں نوکریاں قائم نہیں رہ سکیں گی۔

انہوں نے کہا کہ رویت ہلال سے متعلق کلینڈر 15 رمضان تک تیار ہو جائے گا،امریکیوں نے بنایا ہوا ہے وہ حرام ہے، ہم بنائیں گے تو حلال ہو جائے گا، رکن کمیٹی عبدالشکور کے استفسار پر فواد چوہدری نے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس پر چالیس لاکھ کے قریب خرچہ آتا ہے ،رکن کمیٹی خواجہ سعد رفیق نے کہا روایت بھی ہونی چاہیئے اور ٹیکنالوجی بھی ہونی چاہیئے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اگست کے مہینے کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا مہینہ قرار دے رہے ہیں ،ہم اگست میں اسلام آباد میں سائنس فیئر کریں گے،ہم لیبارٹریز کو اسٹیٹ آف دی آرٹ میں تبدیل کریں گے،اگلے چھ سے آٹھ مہینے ساری پیمنٹ موبائل کے ذریعے ہوں گی ،کریڈٹ کارڈ وغیرہ ختم ہو جائیں گے ۔پی سی ایس آئی آر نے 123 کے قریب ٹیکنالوجیز ایجاد کیں لیکن انہیں شو کیس نہیں کر سکے۔


ای پیپر