فوٹو/ بشکریہ کرک انفو

انگلینڈ نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے میں 6 وکٹوں سے شکست دیدی
15 مئی 2019 (10:03) 2019-05-15

برسٹل: سیریز کے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 359 رنز کا ہدف دیا تاہم انگلش بلے بازوں نے اپنی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 4 وکٹوں پر حاصل کر لیا۔

جیسن روئے اور بیرسٹو پر مشتمل جوڑی نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرتے ہوئے 159 کی قیمتی پارٹنرشپ قائم کی۔ روئے 76 اور بیرسٹو 128 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ جوئے روٹ 43، بین اسٹوکس 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان 17 اور معین علی 43 رنز کے ساتھ ناقبل شکست رہے۔

قومی ٹیم کے بولرز کی بھی ایک نہ چلی اور کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ جنید خان، عماد وسیم اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو قومی ٹیم کا آغاز ایک بار پھر اچھا نہ رہا اور اوپننگ جوڑی صرف 7 رنز پر ٹوٹ گئی۔ 27 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد حارث سہیل اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 68 رنز کی شراکت داری قائم کی، تاہم حارث سہیل 95 کے مجموعے پر رن آؤٹ ہو گئے اور انہوں نے 41 رنز بنائے۔

کپتان سرفراز احمد نے اوپنر امام الحق کے ساتھ مل کر 65 رنز جوڑے اور 27 رنز پر پویلین لوٹ گئے جب کہ امام الحق نے 97 گیندوں پر سنچری مکمل کی وہ 151 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ان کی اننگز میں 16 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

آصف علی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 43 گیندوں پر 52 رنز بنائے جس میں 3 زبردست چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 359 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں۔ کرن نے 2، پلنکٹ اور ڈیوڈ ویلے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔


ای پیپر