فوٹو بشکریہ فیس بک

نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ میچ منسوخ کردیا گیا
15 مارچ 2019 (10:16) 2019-03-15

نیوزی لینڈ کی مساجد میں دہشت گرد حملے کے بعد نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ میچ منسوخ کردیا گیا۔ تیسرا ٹیسٹ میچ کل سے کرائسٹ چرچ میں شروع ہونا تھا۔

مقامی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ مسجد النور میں فائرنگ واقعے کے وقت بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم موجود تھی جو بال بال بچی۔

مقامی میڈیا کے مطابق فائرنگ نماز جمعہ کے شروع ہونے کے 10 منٹ بعد کی گئی۔ مسجد النور میں 3 سو نمازی موجود تھے جن میں بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم بھی شامل تھی۔ حملہ آور جدید ہتھیاروں سے لیس اور پیٹرول بموں سے بھری گاڑی کیساتھ پہنچا۔

پولیس نے ایک حملہ آور کو گرفتار کرلیا جس کی شناخت برینٹن ٹیرینٹ نام سے کی گئی جس کا تعلق آسٹریلیا سے بتایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق حملہ آور فوجی وردی میں ملبوس تھے شناخت چھپانے کے لئے کالی ہیلمٹ پہن رکھی تھی۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم جیسنڈا آرڈان نے حملے کو دہشتگر دی قرار دے دیا۔ واقعے کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ آج نیوزی لینڈ کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ حکومت حملے کی مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم سے تحقیقات جاری ہیں، فی الحال تفصیلات نہیں بتاسکتے۔ فائرنگ کی زد میں آنے والے زیادہ تر پناہ گزین ہیں۔

نماز جمعہ کے لیے آنے والی بنگلہ دیشی ٹیم بھی فائرنگ کی زد میں آنے سے بال بال بچ گئی۔ بنگلہ دیشی کپتان کا کہنا ہے کہ بھاگ کر جان بچائی تمام کرکٹرز خیریت سے ہیں۔

نیوزی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق کرائسٹ چرچ فائرنگ کے واقعے میں کسی پاکستانی کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں۔


ای پیپر