ایران نے ایٹمی بم حاصل کیا تو اس کی پیروی کریں گے : سعودی عرب
15 مارچ 2018 (22:09)

ریاض: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے تنبیہ کی ہے کہ اگر ایران جوہری ہتھیار حاصل کرتا ہے تو ان کا ملک اس کی پیروی کرے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ٹی وی کے پروگرام کو انٹرویو کے دوران 32 سالہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب کوئی ایٹمی بم حاصل کرنا نہیں چاہتا لیکن میں بغیر کسی شک و شبہ کے یہ بات کرنا چاہتا ہوں کہ اگر ایران جوہری بم بناتا ہے تو ہم جلد از جلد اس کی پیروی کریں گے ۔

انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو نیا ہٹلر قرار دیا کیونکہ ان کے مطابق وہ ایران کے جوہری پروگرام کو پھیلانا چاہتے ہیں۔ سعودی ولی عہد نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای مشرق وسطیٰ میں اپنا منصوبہ تخلیق کرنا چاہتے ہیں جیسا کہ ہٹلر اس وقت چاہتا تھا۔انہوںنے کہاکہ اس وقت جو کچھ ہوا اس سے قبل یورپ اور دنیا کے کئی ممالک کو اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ ہٹلر کتنا خطرناک ہے، اس لیے میں مشرق وسطیٰ میں ایسا کچھ ہوتا دیکھنا نہیں چاہتا۔


ای پیپر