سعودی عرب نے جوہری پروگرام شروع کر نے کا اعلان کر دیا
15 مارچ 2018 (19:43)

ریاض: سعودی عرب کی کابینہ نے جوہری توانائی پروگرام کی قومی پالیسی کی منظوری دے دی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی کابینہ کی جانب سے جوہری توانائی پروگرام کی منظوری پرامن مقاصد کے لیے دی گئی ہے۔یہ منظوری ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ امریکہ سے چند روز قبل دی گئی ہے۔

شہزادہ محمد بن سلمان 19 سے 22 مارچ تک امریکا کا تین روزہ دورہ کریں گے جس میں وہ امریکہ سے جوہری معاہدہ طے کرنے کے لیے بات چیت کریں گے۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی کابینہ کی منظور شدہ جوہری توانائی پروگرام بین الاقوامی معاہدوں کی تحدیدات کے مطابق انجام دی جائیں گی۔واضح رہے کہ سعودی عرب دنیا میں تیل برآمد کرنے والے ممالک میں شامل ہے اور وہ اپنے اصلاحاتی پروگرام ویڑن 2030 کے تحت بتدریج تیل کی معیشت پر انحصار کم کررہا ہے۔


ای پیپر