وزیر اعظم کا عوامی مفاد کیلئے بڑا فیصلہ
15 جون 2020 (23:51) 2020-06-15

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے تمام صوبائی چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی ہے کہ حکومتی فیصلوں کے ثمرات عوام الناس تک پہنچانے کے لیے حکمت عملی ترتیب دیں۔

انہوں نے یہ ہدایت اپنی زیر صدارت منعقدہ اعلی سطحی اجلاس میں دی۔ اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے سے متعلق اقدامات پرغور و خوص کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کواشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی اورملاوٹ کےخلاف انتظامی اقدامات پربریفنگ دی گئی۔اعلی سطحی اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ گندم کی بین الصوبائی نقل وحرکت کی اجازت دینے کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ آٹے کی قیمتوں میں مزید کمی لانے کے حوالے سے اقدامات جاری ہیں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں کمی لانے کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا تھا۔وزیراعظم نے ہدایت کی حکومتی فیصلے کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے تمام صوبائی چیف سیکریٹریز حکمت عملی ترتیب دیں۔انہوں نے کہا کہ ملاوٹ کا عفریت قوم کی صحت میں خرابی کا سبب بن رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملاوٹ سب سے زیادہ بچوں اور بزرگوں کو متاثر کر رہی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ماضی میں ملاوٹ کا تدارک کرنے کو نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ خالص اشیا کا میسر آنا گڈ گورننس کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پر خصوصی توجہ دی جائے۔وزیراعظم عمران خان نے گندم کی فراہمی کے ساتھ آٹے کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے نیشنل پرائس کنٹرول کمیٹی کو بھی ہدایات جاری کیں۔ وزیراعظم نے واضح طور پر کہا کہ ضروری اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ عوام کو مناسب قیمت پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔


ای پیپر