Source : Yahoo

عمران خان ،زرداری سمیت متعدد سیاستدانوں کی بیگم کلثوم نواز کی صحت یابی کیلئے دعائیں
15 جون 2018 (15:22) 2018-06-15

اسلام آباد : سیاسی رہنماﺅں نے کلثوم نواز کی صحت یابی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اﷲ تعالیٰ سے کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں‘ ماضی میں کلثوم نواز نے جمہوریت کے لئے بہت جدوجہد کی ہے‘ وہ مسلم لیگ (ن) اور شریف خاندان کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ جمعہ کو آصف علی زرداری نے بیگم کلثوم نواز کی صحت یابی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی بیگم کلثوم نواز کی صحت یابی کے لئے دعا گو ہے۔

اﷲ کلثوم نواز کو صحت اور زندگی عطا فرمائے ۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اﷲ بیگم کلثوم نواز کو مکمل صحت یابی عطا فرمائے۔ ماضی میں جمہوریت کے لئے کلثوم نواز نے بہت جدوجہد کی ہے۔ سردار ایاز صادق نے بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اﷲ ماہ رمضان کے صدقے بیگم کلثوم نواز کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔ کلثوم نواز مسلم لیگ (ن) اور شریف خاندان کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ سے کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔ دعا ہے کہ کلثوم نواز تندرست و توانا ہو کر جلد پاکستان آئیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی ، چیئرمین سینیٹ سمیت اہم سیاسی شخصیات نے بیگم کلثوم کی علالت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ ہماری دعائیں بیگم کلثوم نواز کے ساتھ ہی، اللہ انہیں شفائے کاملہ عطا فرمائے۔

چیرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بھی بیگم کلثوم نوازکی علالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپراپنے پیغام میں کہا کہ خدا بیگم کلثوم نواز کوصحت کاملہ عطا کرے، ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ بیگم کلثوم نوازکی صحت اورزندگی کے لیے دعاگوہیں، عمران خان سمیت پارٹی قیادت کلثوم نوازکے لیے دعا کررہے ہیں۔


ای پیپر