PM Imran Khan Big Announcement
15 جنوری 2021 (18:24) 2021-01-15

لاہور:وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں پولیس میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں جس کا نقصان لوگوں کو اٹھانا پڑا،کوئی قانون سے بالاتر نہیں، پولیس کسی سیاسی اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لائے، جب پولیس بڑے جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لائے گی تو چھوٹے جرائم پیشہ عناصر کے لئے یہ سبق ہو گا،انہوں نے کہا آئی جی پنجاب خود تھانوں کا دورہ کریں ،وزیر اعظم کے اس اعلان کے بعد سے تھانوں میں ہلچل مچی ہوئی ہے ،عوام کا کہنا ہے اگر آئی جی پنجاب نے وزیر اعظم کے احکامات کے مطابق تھانوں کے وزٹ شروع کر دئیے تو یقینی طور پر تھانہ کلچر میں تبدیلی آ جائیگی ۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب پولیس میں اصلاحات اور کارکردگی کے حوالے سے اجلاس ہوا ٗاجلاس میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر بھی موجود تھے۔آئی جی پنجاب انعام غنی نے وزیراعظم کو پنجاب پولیس کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے کی جانے والی اصلاحات اور اقدامات پر بریفنگ دی۔

وزیر اعظم نے آئی جی کو ہدایت کی کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، ،عوام کے مسائل کے حل میں صرف میرٹ پر عملداری کی جائے، انصاف کی فراہمی کی راہ میں حائل اہلکاروں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پولیس میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں جس کا نقصان لوگوں کو اٹھانا پڑا۔ کوئی قانون سے بالاتر نہیں، پولیس کسی سیاسی اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لائے۔

وزیر اعظم نے کہا  لوگ آپ سے تب مطمئن ہوں گے جب آپ سب سے یکساں اور قانون کے مطابق سلوک کریں گے۔ پولیس افسران جرائم کے خاتمے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کریں اور تھانوں میں وزٹ کریں۔ وزیر اعظم نے آئی جی پنجاب سے کہا کہ پنجاب پولیس کا امیج  بہتر کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے آپ کو بہت محنت کرنا پڑے گی،اہم پوزیشنز پر ایماندار افسران تعینات کرنے کا اثر گراس روٹ تک جاتا ہے۔


ای پیپر