وزیراعظم نے اپنی ذات اور پارٹی کو احتساب کیلئے کبھی پیش نہیں کیا،سراج الحق
15 جنوری 2021 (23:50) 2021-01-15

 اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے وزیراعظم کے کرپشن کے خلاف ایکشن کے دعوے لفظی گولہ باری، اپنی ذات اور پارٹی کو احتساب کے لیے کبھی پیش نہیں کیا۔ پی ٹی آئی تبدیلی کا نہیں نااہلی ،نالائقی اور غلامانہ سوچ کی سونامی کا نام ہے ۔ عوام کی قوت خرید پہلے ہی  جواب دے چکی ہے مگر حکومت نے ان پر پھر پٹرول بم گرا دیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹ میں خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے حکومتی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جماعت اسلامی ظلم کے نظام کے خلاف جدوجہد کررہی ہے ۔امیر جماعت کا کہنا تھا کہ ملک کا پورا نظام ہی یرغمال ہے، یہاں جمہوریت بھی برائے نام ہے، جو سیاسی جماعتیں جمہوریت کی بات کرتی ہیں خود ان کے اندر دور دور تک جمہوریت دکھائی نہیں دیتی۔انہوں نے کہا کہ خاندانی بادشاہت ہے اور ساری جمہوریت اور ساری سیاست کچھ خاندانوں کے مفادات کے گرد گھومتی ہے۔ جماعت اسلامی وہ واحد جماعت ہے جو اندر اور باہر حقیقی معنوں میں ایک اسلامی، جمہوری اور ترقی پسند جماعت ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی بے حسی اور ظلم انتہا کو پہنچ چکا ہے۔ آئی ایم ایف کی غلامی پرزور طریقے سے جاری ہے ثابت ہوچکا ہے کہ پی ٹی آئی کسی تبدیلی کا نہیں بلکہ غلامانہ سوچ اور نااہلی کا دوسرا نام ہے ۔ عوام کی قوت خرید پہلے ہی جواب دے چکی ہے اوپر سے روزانہ کی بنیاد پر بنیادی ضرورت کی اشیا میں اضافہ کرکے ان کی ننگی پیٹھوں پر کوڑے برسائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا یہ انتہائی شرم کا مقام ہے کہ معصوم لوگ قتل ہورہے ہیں اور وزیراعظم کو مظلوم خاندانوں کو ڈھارس بندھانے کی توفیق نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر حکمران کی خواہش ہوتی ہے کہ مقننہ، عدلیہ ، انتظامیہ اس کی پابند ہو، وہ اچھا کرے یا برا ، اس کی کوئی بازپرس نہ ہو۔ ہمارے وزیراعظم احتساب کے بلندوبانگ دعوے کرتے ہیں مگر انہوں نے اپنی پارٹی کو آج تک احتساب کے لیے پیش نہیں کیا۔ نیب کا ادارہ اب خود بھی ایک قابل احتساب ادارہ بن گیا ہے۔ نیب کے اقدامات یک طرفہ ہیں۔ ہم یہی چاہتے ہیں کہ اگر آپ اپوزیشن والوں کا احتساب کرتے ہیں تو پہلے آپ حکومت والوں کا احتساب کریں۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی مہنگائی ، بے روزگاری اور سودی معیشت کے خلاف تحریک شروع کی ہے۔ سب سے پہلا جلسہ باجوڑ ضلع میں ہوا، پھر بونیر ،سوات ، دیر اور گوجرانوالہ میں جلسے ہوئے اب کچھ دن بعدسرگودھا میں ہمارا بہت بڑا جلسہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مسائل کا واحد علاج اسلامی نظام ہے۔


ای پیپر