Lahore,like Karachi,garbage,deadline,cleaning,picked
15 جنوری 2021 (12:15) 2021-01-15

لاہور : کراچی کے بعد لاہور بھی کچرے میں چھپنے لگا ٗ آج حکومت پنجاب کی طرف سے لاہور کی صفائی کیلئے دی گئی ڈیڈ لائن کی آخری تاریخ ہے لیکن کوئی آثار نظر نہیں آرہے کہ لاہور شہر سے کچرا اٹھایا جا سکے گا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کے تمام دعوئوں کے برعکس زمینی صورتحال مخدوش ترین ہوتی جا رہی ہے ٗ دنیا بھر میں اپنی مثال شہر لاہور کی تاریخ اور خوبصورتی اب لگتا ہے کہ کچرے میں چھپ جائیگی ۔ دسمبر میں ویسٹ مینجمنٹ کے ساتھ کام کرنے والی کمپنیوں کی طرف سے کام چھوڑ دینے کے بعد حکومت پنجاب نے ڈیڈ لائن  دی تھی کہ 15 جنوری تک یہ سارا مسئلہ حل ہونے کے بعد لاہور شہر سے کچرے کے پہاڑ اٹھا لئے جائیں گے۔

اس سلسلہ میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے ساتھ بیٹھ کر یہ بتایا تھا کہ گاڑی ٹھیک ہونے ورکشاپ گئی ہے۔ 15 جنوری کی رات تک کچرا اٹھا لیا جائیگا اور پھر روزانہ کی بنیاد پر پہلے کی طرح لاہور کی صفائی برقرار رکھی جائیگی۔

یاد رہےکہ لاہور میں صفائی کا بحران گزشتہ ماہ دسمبر میں شروع ہوا ہے جب لاہور ویسٹ مینجمنٹ کے ساتھ کام کرنے والی کمپنیوں نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا ۔ حکومت کی طرف سے ان کمپنیوں کو پیمنٹ نہیں کی جا رہی تھی ۔ حکومت اور کمپنیوں کے درمیان تنازعہ کے بعد لاہور میں کچرے کے پہاڑ کھڑے ہوگئے ہیں اور تاحال یہ مسئلہ حل نہیں ہو سکا ہے۔


ای پیپر