جواب عرض ہے!
15 جنوری 2020 2020-01-15

٭شریف برادران باہر جا کر کھانے کھا رہے ہیں(وزیراعظم عمران خان)

O اور میں ادھر بھوکا مر رہا ہوں!

٭ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ بہت اچھا ہے (سابق صدر مشرف)

O اس اچھے فیصلے پر میں اپنی ”پارٹی“ کا بہت شکرگزار ہوں!

٭ ووٹ کو عزت دو کا نظریہ کدھر گیا؟(فردوس عاشق اعوان)

O آپ کی طرح کسی اور پارٹی میں چلا گیا ہو گا!

٭ نیب پاکستان کو کرپشن فری بنانے کے لئے پرعزم ہے (جاوید اقبال چیئرمین نیب)

O لہٰذا پاکستان میں کرپشن اب فری ہوا کرے گی!

٭ میاں صاحب کی صحت پر سیاست نہیں کرنے دیں گے(نون لیگی ایم پی اے عظمیٰ بخاری)

O کیونکہ میاں صاحب کے پاس اب سوائے تھوڑی سی صحت کے اور رہ کیا گیا ہے !

٭ معیشت کو آئی سی یو سے نکال دیا ہے (وزیراعظم عمران خان)

O کیونکہ مجھے پتہ چل گیا تھا معیشت نے اب نہیں بچنا!

٭ پی ٹی آئی اپنے وعدے پورے کرے گی (فروغ نسیم وفاقی وزیر قانون)

O مگر مسئلہ یہ ہے پی ٹی آئی کو اپنے وعدے یاد نہیں آرہے!

٭ فوج اور عدلیہ کو اپنی حدود دیکھنی چاہئے (وفاقی وزیر فواد چوہدری)

O یہ بات میں اپنی حدود دیکھے بغیر کہہ رہا ہوں۔

٭ ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا (ایک خبر)

O آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا!

٭ محروم لوگوں کی حالت بدل کر دم لیں گے (وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار)

Oحالانکہ اہلیت ہم میں صرف ”مرحوم لوگوں“ کی حالت بدلنے کی ہے !

٭ بلال بھٹو زرداری نے عمرہ کر لیا (ایک خبر)

O چلیں ثابت ہو گیا کچھ نہ کچھ تو وہ کر ہی سکتے!

٭ خلائی مخلوق سے ہماری مراد آرمی چیف یا فوج نہیں تھی(رانا ثناءاللہ)

O یہ بات بھی قرآن پاک پکڑ کر آپ کہہ سکتے ہیں؟

٭ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہو گئی (وفاقی وزیر شفقت محمود)

O اور ہمیں اس پر خاصی حیرت ہے ہماری حکومت میں یہ بہتری ہو کیسے گئی؟؟

٭ ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی کے استعفیٰ سے ہماری حکومت کو کوئی خطرہ نہیں (وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ)

O ہماری حکومت کو صرف اپنی حکومت سے خطرہ ہے !

٭خیبرپختونخواہ حکومت کا چار سالوں میں دس لاکھ مرغیاں تقسیم کرنے کا فیصلہ (ایک خبر)

O حالانکہ خیبرپختونخواہ میں حکومت کو فائدہ ”مرغے“ تقسیم کرنے سے ہو گا!

٭ سٹریٹ کرائم کے مسئلے پر قابو پانے کی کوششیں کر رہے ہیں (مراد علی شاہ وزیراعلیٰ سندھ)

O حالانکہ ہم یہ جانتے ہیں ہم یہ کوششیں نہیں کر سکتے!

٭ وزیراعظم کرپشن کے خلاف اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے (وفاقی وزیر فواد چوہدری)

O البتہ موقف خود پیچھے ہٹنا چاہے تو وزیراعظم کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا!

٭ڈاکٹروں اور وکیلوں میں صلح ہو گئی (ایک خبر)

O لہٰذا پولیس کو چاہئے ان دونوں کی لڑائی میں جو مریض مارے گئے تھے ان پر مقدمے بنائے!

٭ پنجاب پولیس کو کے پی کے پولیس جیسا بنانا چاہتے ہیں (وزیراعظم عمران خان)

O مگر یہ کام ہم کے پی کے پولیس کو پنجاب پولیس جیسا بنانے کے بعد کریں گے!

٭ خیبرپختونخواہ میں میٹرک پاس شخص کو وزیر تعلیم بنا دیا گیا (ایک خبر)

O حالانکہ حق کسی چٹے ان پڑھ شخص کا بنتا تھا!

٭ یہ اسمبلی جعلی ہے ، آرمی ایکٹ منظور نہیں کر سکتی (مولانا فضل الرحمن)

Oحالانکہ آرمی ایکٹ منظور ہونے کے لئے اسمبلی کا جعلی ہونا ہی ضروری ہے !

٭ 2020 میں ملک اٹھے گا (وزیراعظم عمران خان)

O آپ ملک کس چیز کو سمجھتے ہیں؟

٭ وقت ہی ثابت کرے گا میں جھوٹا نہیں ہوں (وفاقی وزیر شہریار آفریدی)

O کیونکہ یہ بات میں خود ثابت نہیں کر سکتا

٭ پولیس نے وزیراعظم کے بھانجے کے گھر ڈکیتی کے ملزمان کو دو روز بعد ہی گرفتار کر لیا(ایک خبر)

O چنانچہ جن لوگوں کے گھروں میں ڈکیتیوں کے ملزمان گرفتار نہیں ہو رہے ہیں انہیں چاہئے فوری طور پر وزیراعظم کے بھانجے بن جائیں!

٭ وزیراعظم عمران خان غریبوں کے لئے بہت نرم گوشہ رکھتے ہیں( زلفی بخاری معاون خصوصی وزیراعظم)

O اسی لئے وہ مجھ جیسے ”غریبوں“ کو ہمیشہ اپنے ساتھ رکھتے ہیں!

٭ جمہوریت کے لئے نواز شریف نے بہت قربانی دی (ایم این اے احسن اقبال)

O اور اس قربانی کا سارا گوشت وہ خود ہی کھا گئے!

٭ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان میں عوام کی زندگی محال ہو گئی (شہباز شریف)

O جبکہ لندن جا کر ہماری زندگی بحال ہو گئی!

٭ملاوٹ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہوتے(وزیراعظم عمران خان)

O مگر آرمی ایکٹ میں ترمیم تو کچھ اور ہی کہہ رہی ہے !

٭ 5 سال بعد حالات تبدیل ہو جائیں گے (مراد سعید وفاقی وزیر)

O مگر اس سے پہلے ہماری حکومت کا تبدیل ہونا ضروری ہے !

٭ شیخ رشید میرے بہنوئی ہیں (ٹک ٹاک ماڈل حریم شاہ)

O مگر حرکتوں سے وہ میرے بھائی لگتے ہیں!

٭ پارٹی سے پوچھیں گے ووٹ کو عزت دینے کا نعرہ کدھر گیا (نون لیگی کارکن)

O ہریسہ ، نہاری یا بونگ بن کر پیٹ میں اتر گیا ہو گا!

٭ 71 برس بیت گئے عالمی ضمیر بیدار نہ ہوا (شہباز شریف)

O اور تقریباً اتنے ہی برس بیت گئے میرا بھی نہیں ہوا۔

٭ اگلا الیکشن پھر مولانا فضل الرحمن کے خلاف لڑوں گی (مسرت شاہین)

O لگتا ہے آپ مولانا کا ”ووٹ“ لیکر رہیں گی!

٭ مخالفین کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے (عثمان بزدار وزیراعلیٰ پنجاب)

O اگر اس سے پہلے ہم ہٹ نہ گئے تو

٭پاکستان وزیراعظم کے مضبوط ہاتھوں میں ہے (فردوس عاشق اعوان)

O پہلے تو وزیراعظم کے مضبوط ہاتھوں میں کچھ اور نہیں ہوتا تھا؟

٭ شریف برادان ہوا خوری باہر جا کر اور حرام خوری ملک میں کرتے ہیں (وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان)

O جبکہ میں یہ دونوں کام ملک میں ہی کر لیتا ہوں!

٭ وفاقی وزیر بجلی و پانی فیصل واوڈا نے ٹی وی پروگرام میں فوجی بوٹ میز پر رکھ دیا (ایک خبر)

O ظاہر ہے اب مولانا خالی ”روٹی شوٹی“ سے نہیں مانتے!

٭ حریم شاہ سے میرا کوئی نکاح نہیں ہوا (وفاقی وزیر شیخ رشید احمد)

O جو کچھ ہوا نکاح کے بغیر ہوا!

٭ عوام کی مشکلات پر قابو پالیں گے (وزیراعلیٰ عثمان بزدار)

Oمگر فی الحال عوام کی مشکلات نے ہم پر قابو پایا ہوا ہے !


ای پیپر