مہوش حیات نے طارق فتح کی بولتی بند کردی
15 جنوری 2020 (21:03) 2020-01-15

کراچی: اداکارہ مہوش حیات نے پاکستانی نژاد کینیڈین صحافی طارق فتح سے غلط ویڈیو شیئر کرنے پر اظہار برہمی کیا ہے۔

طارق فتح نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں پولیو ورکر ایک گھر کے دروازے پر کھڑے ہیں اور ایک خاتون اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کر رہی ہیں اور دروازہ بند کر دیتی ہیں۔ کینیڈین صحافی نے یہ کِلپ شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ پاکستانی خاتون نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کردیا اور پولیو ورکر کے منہ پر دروازہ بند کر دیا۔ اس ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے مہوش حیات نے طارق فتح کا پاکستان مخالف جھوٹ بے نقاب کردیا۔ یہ ویڈیو کلپ دراصل مہوش حیات کی فلم لوڈ ویڈنگ کا ایک سین ہے جس میں مہوش حیات نے پولیو ورکر کا کردار ادا کیا۔

لڑکیوں کے حقوق کی خیر سگالی سفیر مہوش حیات نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ برائے مہربانی کچھ بھی شیئر کرنے سے پہلے تصدیق کیا کریں۔ مہوش حیات نے صحافی کو یہ بھی بتادیا کہ یہ ان کی فلم کا ایک سین ہے اور جو خاتون بچوں کی والدہ کا کردار نبھا رہی ہیں وہ بھی ایک اداکارہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فلم کے ذریعے ہم نے اس مسئلے پر شعور اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔


ای پیپر