صدر مملکت کا عوام کیلئے ٹوئٹر پیغام
15 جنوری 2020 (20:55) 2020-01-15

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ سرکاری اداروں سے متعلق اپنی شکایات کے جلد ازالہ کے لئے وفاقی محتسب کے آن لائن پورٹل سے استفادہ کریں۔

وفاقی محتسبین کے نمٹائے گئے کیسز کے بارے میں اپنے ویڈیو پیغام پر عوامی ردعمل کے جواب میں صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے آن لائن پورٹل کا لنک اپنے ٹویٹر پر شیئر کیا۔ صدر مملکت نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ سرکاری محکموں کے خلاف عوامی شکایات کے فوری ازالہ کے لئے وفاقی محتسب کے ادارے مکمل فعال ہیں اور کسی بھی شکایت پر 60 دن کے اندر فیصلہ کرنے کے پابند ہیں۔

صدر مملکت نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ شہریوں کی جانب سے وفاقی محتسب کے پاس شکایات کے اندراج کے طریقہ کار کے بارے میں سوالات پوچھے ہیں۔ انہیں تفصیلی معلومات کے لئے وفاقی محتسب کے آن لائن پورٹل http://mohtasib.gov.pk سے رجوع کرنا چاہئے۔ اس لنک کے ذریعے شہری کو محتسب کے 11 دفاتر سے رابطہ کرنے کے لئے رہنمائی ملے گی۔ وفاقی محتسب کے دائرہ اختیار میں تمام وفاقی وزارتیں، وفاقی یونیورسٹیاں، تمام بینک اور انشورنس کمپنیاں آتی ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ شہری ایک سادہ کاغذ پر اپنی شکایت داخل کرا سکتے ہیں اور اس کے لئے انہیں کسی خرچے اور نہ ہی وکیل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ محتسبین کے فیصلوں پر اپیلیں صدر کے پاس آتی ہیں اور میں یقین دلاتا ہوں کہ صدارتی دفتر میں آنے والی ہر اپیل پر 24 گھنٹوں کے اندر فیصلہ کیا جائے گا۔


ای پیپر