انوراگ کشپ نے مودی کے والد کا برتھ سرٹیفکیٹ مانگ لیا
15 جنوری 2020 (19:52) 2020-01-15

ممبئی:بالی وڈ ہدایت کار اور فلمساز انوراگ کشیپ نے متنازع شہریت کے قانون کے خلاف اپنے ردعمل میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ہی ان کے والد کا برتھ (پیدائشی) سرٹیفکیٹ دکھانے کا مطالبہ کردیا،حکومت کا کوئی منصوبہ اور وژن نہیں بس غنڈہ گردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق  بالی وڈ کے معروف ہدایت کار، فلمساز اور مصنف انوراگ کشیپ گذشتہ سال دسمبر میں اس متنازع قانون کی پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد سے آواز اٹھارہے ہیں اور مسلسل مودی سرکار کی متعصبانہ پالیسیوں پر تنقید کررہے ہیں۔انہوں نے ٹوئٹر پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنا اور اپنے والد سمیت پورے خاندان کے برتھ سرٹیفکیٹ قوم کو دکھائیں۔

انو راگ کشیپ کا کہنا ہے کہ یہ سارے برتھ سرٹیفکیٹ دکھانے کے بعد ہی نریندر مودی بھارت کے شہریوں سے شہریت کے کاغذات طلب کرسکتے ہیں۔حکومت کا کوئی منصوبہ اور وژن نہیں بس غنڈہ گردی ہے۔یہ حکومت اس وقت ہی مذاکرات کرے گی اگر اسے بات کرنا آتا ہو، یہ لوگ کسی ایک بھی سوال کا سامنا نہیں کرسکتے، ان کے پاس کوئی منصوبہ نہیں اور نہ ہی انہوں نے کوئی نظام بنایا ہے۔


ای پیپر